غزہ میں کئی مساجد ، ہاسپٹل اور فٹبال اسٹیڈیم تباہ

غزہ / یروشلم ۔ 22 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے آج کئی مساجد ، ایک ہاسپٹل اور ایک اسٹیڈیم کو بمباری کا نشانہ بنایا۔ حماس زیر اقتدار غزہ میں 15 ویں دن بھی اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ برقرار ہے اور اب تک جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 620 تک پہنچ گئی جبکہ 29 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ بین الاقوامی سطح پر جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں۔ امریکہ اور اقوام متحدہ نے فریقین سے لڑائی کا سلسلہ روک دینے کی اپیل کی ہے۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور اقوام متحدہ سربراہ بانکی مون مصر میں موجود ہے تاکہ جنگ بندی کی کوشش کی جاسکے۔ اسرائیل ڈیفنس فورس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پٹی میں تقریباً 190 اور شجاعیہ میں 100 سے زائد نشانوں پر بمباری کی۔

اسرائیل کے وزیر انصاف زی پی لائیونی نے اسرائیلی فوج کا آپریشن ختم ہونے تک کسی جنگ بندی کا امکان مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد تمام سرنگوں کا خاتمہ ہے جو شدت پسند سرحد پار حملوں میں استعمال کر رہے ہیں۔ فلسطین کے عہدیداروں نے بتایا کہ آج کے حملوں میں کئی مساجد ، ایک فٹبال اسٹیڈیم اور ایک ہاسپٹل تباہ ہوگیا ۔ ہاسپٹل پر ہوئے حملے میں تقریباً پانچ افراد جاں بحق اور 70 زخمی ہوگئے۔ غزہ کے صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ دو فلسطینی خاندانوں کے 30 سے زائد ارکان بھی حملوں کے زد میں آکر جاں بحق ہوگئے ۔ اسرائیل نے 8 جولائی کو یہ فوجی کارروائی شروع کی جس میں اب تک 620 فلسطینی جاں بحق اور 3700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔