دبئی۔27 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے علاقے غزہ پٹی کی شمالی سرحد پر جمعہ کے روز احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں کم سے کم پانچ فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔’العربیہ‘کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں بعد جمعہ ہزاروں فلسطینیوں نے سرحدی باڑ کے قریب جمع ہو کر مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر طاقت کا استعمال کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر آنسو گیس داغے جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔خیال رہے کہ غزہ پٹی میں فلسطینی 30 مارچ سے احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کے دو اہم مطالبات ہیں۔ پہلا مطالبہ 1948ء کے علاقوں میں واپسی اور دوسرا غزہ پٹی پر عائد کردہ پابندیوں کا خاتمہ ہے۔