غزہ ۔6مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) غزہ کی پٹی پر ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم چھ فلسطینی ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔دیر البلاح میں ہونے والے اس دھماکے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔حماس نے اس دھماکے لیے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس میں ملوث نہیں۔ دھماکہ ایک عمارت میں باردوی مواد کے ساتھ کام کرتے ہوئے پیش آیا۔علاقے میں اس وقت کشیدگی عروج پر ہے اور غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر فلسطینی اوراسرائیلی فوج میں جھڑپں ہو چکی ہے اور وہاں ایک ماہ سے احتجاج جاری ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس نے حملے کرنے کی غرض سے یہ مظاہرے شروع کروائے ہیں۔اسرائیل نے الزام عائد کیا کہ حماس نے گیس پائپ لائن اور غزہ میں انسانی امداد پہنچانے والے راستے کو نقصان پہنچانے کے لیے وہاں آگ لگائی۔ دھماکے کے بعد ٹیلی وڑن مناطر میں ساحل کے قریب سیاہ دھواں اٹھا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ ماضی میں غزہ میں ہونے والے دھماکے اسرائیلی فضائی حملوں کا نتیجہ ہوا کرتے تھے۔