غزنی شہر میں طالبان کا بھیانک حملہ

غزنی، 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے غزنی شہر میں طالبان نے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ جمعہ کی صبح رہائشی اور تجارتی احاطے پر جم کر فائرنگ کی اور کئی ٹھکانوں پر قبضہ کر لیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دارالحکومت کابل اور جنوبی افغانستان کو جوڑنے والے اس علاقے میں طالبان کا یہ حملہ حالیہ دنوں میں کافی بڑا حملہ ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سرکاری فوجوں اور طالبان کے درمیان جمعرات ہی سے جھڑپیں چل رہی تھی اور اس کے بعد فوج نے کابل کو جوڑنے والے ہائی وے کو بند کر دیا۔غزنی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ طالبان رہائشی اور تجارتی علاقوں میں زبردست فائرنگ کر رہے ہیں اور ایک لمحہ بھی ایسا نہیں آیا جب گزشتہ آٹھ گھنٹوں میں فائرنگ رکی ہو۔ایک اور افسر نے بتایا کہ لوگوں کے لئے مکانات سے باہر نکلنا بہت خطرناک ہو گیا ہے اور ابھی تک اس میں ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں صحیح معلومات نہیں ملی ہے ۔دریں اثنا، طالبان کے ترجمان ذیبح اللہ مجاہد نے کہا کہ شہر کے بہت سے حصوں پران کا قبضہ ہے اور اس حملے میں کافی لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

پاکستانی گلوکارعاطف اسلم پر ہندوستانی گانا گانے پر تنقیدیں
کراچی ۔ 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم کو سوشیل میڈیا پر ملک کے قومی دھارے والے میڈیا نے اس وقت شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا جب نیویارک میں پاکستان کی یوم آزادی کی ایک تقریب میں عاطف اسلم نے بالی ووڈ کا ایک مشہور نغمہ سنایا۔ عاطف اسلم نے یوں تو بالی ووڈ کی فلموں کیلئے بھی گانے گائے ہیں۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں منعقدہ ایک تقریب میں انہوں نے فلم ’’عجب پریم کی غضب کہانی‘‘ کا نغمہ ’’تیرا ہونے لگا ہوں‘‘ گایا جس پر ان کے پرستاروں نے ان کی حب الوطنی پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے انہیں زبردست تنقیدوں کا نشانہ بنایا جہاں ٹوئیٹر پر ان کے پرستاروں نے ان کا بائیکاٹ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ کئی مداحوں نے لکھا کہ ’’عاطف اسلم نے ہندوستانی گانا گا کر ان کا دل توڑ دیا۔ بہرحال اتنے سارے تبصروں کے بات عاطف اسلم نے بھی انسٹاگرام پر ایک پیغام پوسٹ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اب ’’نئے پاکستان‘‘ میں حالات تبدیل ہوجائیں گے۔ اس موقع پر پاکستانی کلاسیکل گلوکار شفقت امانت علی نے بھی عاطف اسلم کا دفاع کیا اور کہا کہ کیا بالی ووڈ کی فلمیں، ٹی وی سیریلس اور ڈرامے پاکستانی چینلس پر نہیں دکھائے جاتے؟ یہاں تک کہ سنیما ہالوں میں ریلیز کی جانے والی ہندوستانی فلموں کو پاکستانی فلموں سے زیادہ مقبولیت حاصل ہوتی ہے تو پھر عاطف نے اگر کسی ہندوستانی فلم کا گانا گادیا تو کیا غضب ہوگیا؟ کسی کی حب الوطنی پرکھنے کی کسوٹی اب کیا ہندوستانی اور پاکستانی گانے ہوں گے؟