نئی دہلی، 20فروری(سیاست ڈاٹ کام)آل انڈیاتنظیم علمائے اسلام کے زیراہتمام غریب نواز ورلڈ پیس کانفرنس 24فروری کودہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہوگی جس میں تقریبا ایک لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے ۔ کانفرنس کے اختتام پردہشت گردی کے خلاف اسلامی تعلیمات پر مشتمل علمائے اہل سنت کی جانب سے ایک فتوی جاری کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ہندوستان کے بنیادی اور قومی مسائل کے حل کے لئے ایک مشترکہ اعلامیہ کا اجراء بھی عمل میںآئے گا جس پر سینکڑوں علماء کے دستخط ہوں گے ۔یہ اطلاع غریب نواز ایجوکیشنل اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل کے جنرل سکریٹری اور تنظیم علمائے اسلام کے قومی ترجمان قاری محمد میاں مظہری نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے حال ہی میں رونما ہونے والے پلوامہ سانحہ کی شدیدالفاظمیں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثہ نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کی پرورش اور حکومت پاکستان کی دہشت گرد تنظیموں کو در پردہ حمایت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم علمائے اسلام نہ صرف اس کی پرزور مذمت کرتی ہے بلکہ ملک کے لئے اپنی قیمتی جانوں کو قربان کرنے والے بہادر جاں بازوں کی بے مثال قربانیوں کا بدلہ لینے کے لئے جوابی کارروائی کرے اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرانے کے لئے عملی اقدام کرے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے نام پر ہمارے جوانوں کی خوں ریزی کا سلسلہ بند ہو۔قاری محمد میاں مظہری نے کہا کہ ورلڈ پیش کانفرنس میں ملک کے ممتاز علماء شرکت کریں گے ۔
علاوہ ازیں بیرون ملک کے خصوصی مہمان بہ شمول ترکی، بنگلہ دیش، ابوظہبی، ماریشش، سری لنکا، ساؤتھ افریقہ، مکہ معظمہ اور نیپال کے علمائے کرام بھی کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخ ساز کانفرنس میں ہندوستانی مسلمانوں کے تعلیمی، اقتصادی، سماجی، سیاسی اور معاشی بنیادی مسائل پر بھی غور و فکر کرکے ان کے حل کا ایک تعمیری ایجنڈہ بھی جاری کیا جائے گا۔اس سے قبل تنظیم کے قومی صدر مفتی اشفاق حسین قادری نے کانفرنس کے تعلق سے بتایا کہ غریب نواز ورلڈ پیس کانفرنس نہ صرف ملک میں فرقہ وارانہ امن و اتحاد کا ذریعہ ثابت ہوگی بلکہ اس سے باہمی اتحاد اور بھائی چارہ کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔یہ کانفرنس امام احمد رضا فاضل بریلوی (رح)کے عرس مبارک کے جشن صد سالہ کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے ۔اس میں ملک کی پندرہ ریاستوں کے علماء اہل سنت، مشائخ و سجادگان، روحانی و تعلیمی دانشوروں کے ساتھ غریب نواز کے پیغام امن انسانیت کی بنیاد پر ہندوستان کی تعمیر و ترقی ، اتحاد و سالمیت اور باہمی بھائی چارہ کا پرچم بلند کریں گے ۔اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا شہاب الدین رضوی نے بھی خطاب کیا۔