حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ نے واضح طور پر کہاکہ حکومت تلنگانہ شہر حیدرآباد کے تمام غریب عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی بلکہ ڈبل بیڈ روم اسکیم کے تحت مکانات تعمیر کرکے فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر موصوف آج یہاں گول ناکہ عنبرپیٹ کے مقام کا آج تفصیلی دورہ کیا۔ بعدازاں خطاب کرتے ہوئے مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت حکومت صرف اور صرف غریب افراد کی فلاح و بہبود کی پابند ہے۔ انھوں نے کہاکہ اہل خواتین کو مکانات تعمیر کرکے فراہم کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں تیز تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے عوام بالخصوص غریب افراد کو خبردار کیاکہ وہ مکانات کے حصول کے لئے درمیانی افراد پر بھروسہ نہ کریں۔ اس دورہ کے موقع پر مسٹر کے ٹی راما راؤ نے عنبرپیٹ کے گنگا نگر میں ٹی آر ایس کی پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ انھوں نے مزید کہاکہ حکومت تلنگانہ غریب آٹو مالکین کیلئے ان کے آٹو رکشاؤں کے ٹیکس کو معاف کیا۔ وزیر موصوف نے اس موقع پر عنبرپیٹ میں ویمن ریسٹ سنٹر کا افتتاح انجام دیا۔