غریب خاندانوں کیلئے آئندہ دو سال میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر

حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے اعلان کیا کہ آئندہ دو برسوں میں غریب خاندانوں کو ڈبل بیڈروم کے مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے آج شہر کے علاقہ ملکاجگیری میں غریبوں کو اراضی کے پٹہ جات حوالے کئے ۔ جی او 58 کے تحت سرکاری اراضیات پر غریبوں کے قبضوں کو باقاعدہ بنانے کی کارروائی کی تکمیل کرتے ہوئے اراضی کے پٹہ جات حوالے کئے گئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت غریب خاندانوں کو ڈبل بیڈ روم کے مکانات کی فراہمی کے وعدے پر قائم ہیں اور آئندہ دو برسوں میں اس اسکیم پر تیزی سے عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بے گھر غریب خاندانوں کو تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ مکانات فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کو ایک پیسہ بھی ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق میں ہاوزنگ اسکیم میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدہ پر فائز شخص نے اپنی فیاکٹری کے قیام کیلئے غریبوں کی اراضیات پر قبضہ کیا تھا۔ چیف منسٹر نے عوام کو یقین دلایا کہ سرکاری اراضیات پر قبضوں کی بحالی کے ذریعہ پٹہ جات کی اجرائی کی اسکیم پر مکمل شفافیت کے ساتھ عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم میں بے قاعدگیوں کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی اور غریب عوام سے رقومات کا مطالبہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی کے ذریعہ سنہرے تلنگانہ کا قیام ممکن ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت غریبوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور اُن کی یکسوئی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی بھلائی کیلئے اُن کی حکومت کام کررہی ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ غریب خاندانوں میں اراضی کے پٹہ جات کی تقسیم سے انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے کیونکہ ہر غریب خاندان اراضی کا مالک بن جائے گا اور یہی تلنگانہ میں غریبوں کی حقیقی ترقی تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں جب کبھی غریبوں کی بھلائی کے اقدامات کا موقع ملتا ہے تو انہیں مسرت ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جی او 58 کے تحت ایک لاکھ 25 ہزار افراد کو ریاست بھر میں اراضی کے پٹہ جات تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ غریب خاندان سرکاری اراضیات پر طویل عرصہ سے قیام کررہے تھے ۔ چیف منسٹر نے بتایاکہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں ایک لاکھ افراد کو اراضی کے پٹہ جات تقسیم کئے جائیں گے جن کی مالیت 10 ہزار کروڑ روپئے ہے ۔ جی او 58 کے تحت تین لاکھ 36 ہزار درخواستیں حکومت کو وصول ہوئی مزید 2 لاکھ درخواستوں کی یکسوئی ابھی باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق خاندانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں آنے والے دنوں میں انہیں بھی اراضیات کے پٹے حوالے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں میں ڈھائی لاکھ افراد سلم علاقوں اور جھونپڑیوں میں زندگی بسر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فاضل سرکاری اراضیات ان غریبوں میں تقسیم کی جائیں گی ۔