غریب اقلیتی لڑکیوںکی شادیوں کیلئے اسکیم کے اعلان کا خیرمقدم

جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کا چیف منسٹر کے سی آر سے اظہارتشکر
حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کیلئے مالی امداد سے متعلق نئی اسکیم ’ شادی مبارک ‘ کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے تمام اقلیتی طبقات سے اپیل کی کہ وہ 2اکٹوبر سے نافذ ہونے والی اس اسکیم سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ غریب اقلیتی خاندانوں میں لڑکیوں کی شادی کو آسان بنایا جاسکے۔ جناب محمود علی جو فریضہ حج کے سلسلہ میں سعودی عرب میں ہیں ’ سیاست‘ سے بات چیت کرتے ہوئے اسکیم کے اعلان پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اسکیم سے غریب مسلم خاندانوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھرراؤ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اور اس اسکیم کا آغاز اس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں عمل کی جارہی اجتماعی شادیوں کی اسکیم کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر نے گھریلو سامان کی فراہمی کے بجائے لڑکی کے اکاؤنٹ میں راست طور پر 51ہزار روپئے جمع کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ شادی کے بعد بھی لڑکی اپنے اخراجات کے بارے میں خود مکتفی رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کیلئے فنڈز کی فراہمی کوئی مسئلہ نہیں ہے اور محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جاریہ مالیاتی سال تقریباً 40 ہزار شادیوں کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے اس کے متعلق بجٹ مختص کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے یقین ظاہر کیا کہ بجٹ کی پیشکشی کے دوران اس اسکیم کیلئے درکار بجٹ مختص کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسکیم سے استفادہ کیلئے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں اس کا مقصد اسکیم پر موثر عمل آوری اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ہر غریب خاندان جن کی سالانہ آمدنی 2لاکھ سے کم ہو وہ استفادہ کے اہل ہوں گے۔ شادی کی تکمیل کے بعد ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کی تصدیق کے ساتھ ہی لڑکی کے اکاؤنٹ میں رقم جاری کردی جائے گی۔ حکومت نے درمیانی افراد کے رول کو ختم کرنے کیلئے آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال اسکیم پر موثر عمل آوری کے بعد آئندہ مالیاتی سال کیلئے اس کے تحت بجٹ میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور وہ ان تمام وعدوں کی تکمیل کریں گے جن کا اقلیتوں سے وعدہ کیا گیا۔ جناب محمود علی نے اس اسکیم کے بارے میں بعض گوشوں کی جانب سے اعتراضات کو مسترد کردیا اور کہاکہ حکومت صرف اسکیم کا اعلان ہی نہیں کیا بلکہ اس پر عمل کرکے دکھائے۔