معمر ادیب ، شعراء اور صحافیوں کو وظیفہ ، ڈپٹی چیف منسٹر کی محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت
حیدرآباد۔/2اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت غریب اقلیتی افراد کیلئے ٹیکسی گاڑیوں کی فراہمی کی اسکیم کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ معمر ادیب، شعراء اور صحافیوں کو ماہانہ وظائف کی اجرائی کی اسکیم تیار کی جارہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ان دونوں نئی اسکیمات کو قطعیت دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ٹیکسی گاڑیاں فراہم کی ہیں اسی طرح غریب اقلیتی افراد کیلئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے اس اسکیم پر عمل کیا جاسکتا ہے جس کے تحت ٹیکسی کی 50فیصد رقم کارپوریشن بطور سبسیڈی ادا کرے گا جبکہ باقی 50فیصد بینک قرض کے طور پر منظور کرے گا۔ اس طرح ایک سال میں ماہانہ اقساط ادا کرتے ہوئے غریب اقلیتی افراد ٹیکسی کے مالک بن سکتے ہیں۔ محمود علی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس اسکیم کی تفصیلات اور عمل آوری کی حکمت عملی کو قطعیت دیں۔ انڈیگو، ڈیزائیر، انڈیکا اور دیگر گاڑیوں کو اس اسکیم میں شامل کیا جائے گا اور روزانہ ایک شخص کم سے کم ایک ہزار روپئے کی آمدنی حاصل کرسکتا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے آٹو رکشا اسکیم کی طرح جلد سے جلد اس اسکیم کو قطعیت دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ معمر شعراء، ادیبوں اور صحافیوں کیلئے ماہانہ وظیفہ کی اسکیم تیار کی جائے تاکہ ان کی مالی مدد ہوسکے۔ انہوں نے اسکیم کے خدوخال طئے کرنے کی ہدایت دی اور تیقن دیا کہ اس اسکیم کیلئے حکومت درکار بجٹ جاری کرے گی۔ توقع ہے کہ 11نومبر کو یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر مذکورہ دونوں اسکیمات کا اعلان کیا جائے گا۔