غریبوں کو راشن کارڈ پر ضروری اشیاء کی سربراہی

جامع پالیسی مرتب کرنے حکومت کا منصوبہ ، ای راجندر کا بیان
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز)وزیر سیول سپلائز و فینانس ای راجندر نے کہا کہ حکومت غریب خاندانوں کو راشن کارڈ پر چاول اور دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی کیلئے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران گنگا دھر گوڑ اور ڈی وینکٹیشورلو کے سوال پر وزیر فینانس نے کہا کہ سابق میں راشن کارڈ پر فی خاندان 20 کیلو چاول کی حد مقرر کی گئی تھی لیکن تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد حکومت نے خاندان کے ہر فرد کیلئے 6 کیلو چاول سربراہ کرنے کی اسکیم کی تیار کی ہے اور یکم جنوری سے عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست میں تلنگانہ میں 2 کروڑ 4 لاکھ افراد کو راشن کارڈ جاری کئے گئے تھے جبکہ ٹی آر ایس حکومت 2 کروڑ 81 لاکھ افراد کو راشن کارڈ پر چاول سربراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ کی اجرائی کا کام ابھی جاری ہے اس کام کی تکمیل کے بعد نئے راشن شاپ کی منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیر پرائز شاپس کی تعداد میں اضافہ کے سلسلہ میں کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے ۔ راشن کارڈس کی اجرائی کا کام مکمل ہونے کے بعد کارڈس کی تعداد کی بنیاد پر راشن شاپس قائم ہوں گے۔