غربت کا خاتمہ اور عوام کو راحت کے لیے منفرد اسکیم ، گجرات میں فوری اثر کے ساتھ اسکیم پر عمل آوری
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : کانگریس پارٹی نے غربت کے خلاف عملاً جنگ چھیڑ دی ہے ۔ غربت کے لیے خاتمہ اور عوام کو راحت فراہم کرنے کے لیے منفرد اسکیم کا اعلان کیا ہے ۔ انتخابی دور میں وزیراعظم نریندر مودی کو سخت چیالنج پیش کرتے ہوئے عوام کے درمیان ایک زبردست پیغام دیا ہے ۔ گاندھی خاندان کے سپوت و صدر کانگریس راہول گاندھی اور حالیہ سرگرم سیاست میں داخلہ لینے والی ان کی ہمشیرہ محترمہ پرینکا گاندھی نے اس اسکیم کو پیش کیا ہے ۔ غریبی ہٹاؤ کے نعرہ سے عوام کے سامنے پیش کردہ اس اسکیم سے ہر سال ایک خاندان کو 72,000 روپئے حاصل ہوں گے جو راست ان کے اکاونٹ میں پہونچیں گے ۔ اس اسکیم سے جس کو گجرات میں منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے رضا مندی کی مہر لگادی ہے ملک کی ایک چوتھائی آبادی کو فائدہ ہوگا ۔ بلکہ اس اسکیم کی کامیاب عمل آوری سے جو کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد شروع کی جائے گی غربت کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا چونکہ اس اسکیم کو غربت کے خلاف عملاً جنگ تصور کیا جارہا ہے جب کہ ابھی تک مختلف سیاسی جماعتوں نے غریبی ہٹاؤ کے نعرہ پر غریبوں کو برخاست کیا لیکن کانگریس غریبوں کو نہیں غربت کو ہٹانے پر توجہ مرکوز کردی ہے ۔ راہول گاندھی کی اس اسکیم نیونتم ائے یوجنا (این وائی اے وائی بنام ) کا نام بھی پرینکانے رکھا ہے ۔ اس اسکیم کے ذریعہ 5 کروڑ خاندانوں کو ہر ماہ 6 ہزار روپئے حاصل ہوں گے اور 25 کروڑ کی آبادی اس سے مستفید ہوگی اور اس اسکیم کی عمل آوری پر 3.60 لاکھ کروڑ خرچ ہوں گے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے عوام سے وعدہ کیا کہ مرکز میں کانگریس کے برسر اقتدار آنے پر اقل ترین آمدنی کی طمانیت اسکیم ، منیم انکم گیارنٹی ( ایم آئی جی ) کو عمل میں لایا جائے گا ۔
ملک میں 20 فیصد غریب خاندانوں کی عملاً نشاندہی کی گئی ہے ۔ اس تاریخی اسکیم کے اعلان کے بعد کانگریس پارٹی کیڈر کے جوش میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ پارٹی کیڈر اس اسکیم کو ملک کی ہر دہلیز تک پہونچانے کا ارادہ کرچکا ہے اور بڑے جوش و خروش کے ساتھ کانگریس کے کارکن عوام تک پہونچنے میں کامیاب ہورہے ہیں ۔ اقل ترین آمدنی کی ضمانت کے نام سے معروف یہ اسکیم یو پی اے حکومت کی ضامن روزگار یوجنا کی مانند مقبولیت حاصل کررہی ہے ۔ خصوصا غربت کی بھر مار والی ریاست اترپردیش ، بہار ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، اڑیسہ اور چھتیس گڑھ جیسی ہندی بول چال والی ریاستوں میں اس اسکیم کی تشہیر سے پارٹی میں نئی جان پیدا ہونے کے امکانات جتائے جارہے ہیں ۔ تاہم کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کا وعدہ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے پہلے ہی کافی کسانوں کو راغب کرلیا ہے ۔ اس اسکیم کو مودی کی پی ایم کسان اسکیم کے مقابل زبردست چیالنج تصور کیا جارہا ہے اور کانگریس کا کیڈر بھی اس طرح کے جرات مندانہ فیصلے کا شائد منتظر تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ دانشوروں کے علاوہ سابق وزیراعظم و ماہر معاشیات مسٹر منموہن سنگھ اور چدمبرم سے مشاورت کے بعد ہی راہول گاندھی نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ جو کہ غریبوں کو راحت فراہم کرنے اور غربت کے خاتمہ کے لیے تاریخی اقدام تصور کیا جارہا ہے ۔ یہ وجہ ہے کہ پارٹی کے قائدین اور کارکن جو کسی قدر نا امیدی کا شکار تھے اب ان میں جوش و خروش پایا جاتا ہے اور کانگریس کے اس اعلان سے یو پی اے میں شامل جماعتوں کو بھی فائدہ حاصل ہوگا جب کہ این ڈی اے بالخصوص بی جے پی راہول گاندھی کے اس اعلان سے خوف زدہ ہوگئی ہے ۔۔