غذا میں لاپرواہی سے ذہین بچوں کی تعلیم پر منفی اثر

ڈان اسکول میں ہیلت چیک اپ پروگرام سے ماہرین تغذیہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : والدین بچوں کی بہتر تعلیم کے لیے بہتر اسکول کے انتخاب سے ٹیوشن اور بچوں پر سختی تک لاکھ جتن کرتے ہیں لیکن عام طور پر صحت پر توجہ نہیں دیتے حالانکہ بہتر تعلیم کے حصول کے لیے بہتر صحت ضروری ہے اور تندرستی کا راز تغذیہ بخش غذا ہے ۔ ماہرین تغذیہ نے ڈان ہائی اسکول ، ملک پیٹ میں پہلی تا پانچویں جماعت کے بچوں کی صحت کی جانچ کے 4 روزہ پروگرام کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے حیرت ظاہر کی کہ جن بچوں کی جانچ کی گئی ان میں صرف 5 فیصد کو FIT کہا جاسکتا ہے ۔ بچوں سے غذائی عادت کے بارے میں پوچھنے پر یہ انکشاف ہوا کہ ان میں اکثریت کی غیر متوازن صحت کی اہم وجہ ناشتہ میں لاپرواہی ہے ۔ والدین تن آسانی کی وجہ سے بازاری غیر تغذیہ بخش ناشتہ کرواتے ہیں حالانکہ دن بھر کی غذا میں ناشتہ صحت اور تعلیم دونوں کے لیے سب سے اہم ہوتا ہے ۔ بچے بھی بازار کی چٹخارے دار لیکن نقصان دہ غذاؤں کے عادی ہوجاتے ہیں ۔ ماہرین نے بتایا کہ جنک فوڈ جسے عام طور پر چرڈنڈی کہا جاتا ہے طلبہ کی صحت کا دشمن ہے اس سے پیٹ کے کئی امراض پیدا ہوتے ہیں اور بچوں کی گروتھ بھی رک جاتی ہے ۔ ناقص غذاؤں سے صرف صحت کے نہیں بلکہ تعلیم کے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ ماہرین نے کہا کہ غذا میں لاپرواہی سے ذہین بچوں کی تعلیم متاثر ہوجاتی ہے صحت مند بچپن نہ صرف تعلیم بلکہ پوری زندگی اور تابناک مستقبل کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے ۔ طلباء کی صحت کی تشخیص پروفیسر سومانویدیتا ، سپریہ ، ڈاکٹر امیمہ بابر ، ڈاکٹر غلام عباس ، وحید الدین انصاری کی سرپرستی میں تغذیہ کے ماہر اسکالرس نے کی ۔ فاونڈیشن کے عہدیدار یوسائپا صدر ، پی راشیل نائب صدر اور جنرل سکریٹری نیلوفر نے کیمپ کے انعقاد میں اہم رول ادا کیا ۔ چار روزہ پروگرام کے اختتام پر طلباء وطالبات نے پر اثر تہذیبی پروگرام پیش کیا ۔ ڈائرکٹر ڈان ہائی اسکول جناب فضل الرحمن خرم نے سورنا فاونڈیشن اور ماہرین کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس پروگرام سے بچوں کی غذائی عادات تبدیل ہوں گی اور والدین کو بھی اپنے بچوں کی صحت پر توجہ دینے کی جانب توجہ دلانے میں مدد ملے گی ۔۔

اسکول پرنسپلس کے لیے
ایک روزہ ورکشاپ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر : ( راست ) : ٹیالنٹ ایمپاورمنٹ سلوشن کے زیر اہتمام 16 ستمبر اتوار کو صبح 9-30 تا 5-30 بجے شام کے درمیان میڈیا پلس جامعہ نظامیہ کامپلکس چوتھی منزل روبرو ایس بی آئی گن فاونڈری میں اسکول پرنسپلس ، وائس پرنسپلس ، ہیڈ ماسٹرس و ہیڈ مسٹریس ، اڈمنسٹریٹرس اور ایچ او ڈیز کے لیے ایک روزہ ورکشاپ بعنوان ٹرانسفارمیشن آف پرفیکٹ پرنسپل منعقد ہوگا ۔ ماہر تعلیم مسٹر برکت اللہ خاں ماسٹر ٹرینر لکچر دیں گے ۔ شرکت کے خواہش مند افراد فون 9704627560 ۔ 9121797089 پر ربط کریں ۔۔