غالب انسٹیٹیوٹ میں نامور صحافی کلدیپ نیّر کے انتقال پر تعزیتی جلسہ

نئی دہلی۔28اگست(سیاست ڈاٹ کام) اُردو زبان اور اردو صحافت کے ستون اور مقبول عام صحافی کلدیپ نیّرکے سانحہ ارتحال پر غالب انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے آنجہانی کلدیپ نیّر صاحب کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نہ صرف اردو زبان و صحافت بلکہ ہندوستان کا ایک صاف گواور بے باک صحافی ہمارے درمیان نہ رہا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اِس قسم کے روشن خیال اور صحافتی دنیا کاتابناک ستارہ کا اچانک انتقال یقینا ہندوستانی صحافت اور اردو صحافت بلکہ عالمی صحافت کابھی ایک بہت بڑا نقصان ہے ، جس کی تلافی شاید عنقریب ممکن نہیں۔سکریٹری غالب انسٹی ٹیوٹ کے علاوہ ڈائرکٹر غالب انسٹی ٹیوٹ، ڈاکٹر رضاحیدر، ایڈمنسٹریٹوآفیسر ڈاکٹر ادریس احمد، ریسرچ ایسوسی ایٹ ڈاکٹر سہیل انور، محمد عمر، محمد عبدالتوفیق، یاسمین فاطمہ، ریاض عمر،مشتاق احمد و دیگر اراکین نے بھی اُن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔