ع85عازمین ممبئی سے جدہ روانہ ہوں گے

خانگی ایرکنڈیشن بسوں کا انتظام ، مرکزی وزیر ہوا بازی اشوک گجپتی کی مساعی بھی رائیگاں ثابت
حیدرآباد۔/25ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے 85 عازمین کیلئے حیدرآباد سے جدہ روانگی کا انتظام نہ ہوسکا لہذا انہیں ممبئی سے روانہ کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کی ایماء پر سعودی ایر لائنس کے حکام سے بات چیت کی تاہم سعودی ایر لائنس نے صرف 85عازمین کیلئے حیدرآباد سے علحدہ فلائیٹ چلانے سے معذرت کا اظہار کیا جس پر ان عازمین کو حج کمیٹی کے ذریعہ بذریعہ بس ممبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں ایسے عازمین کی اکثریت ہے جو لمحہ آخر میں ویٹنگ لسٹ سے منتخب کئے گئے ہیں۔ 26عازمین ایسے ہیں جنہیں 28 ستمبر کو حیدرآباد سے روانگی کی اطلاع دے دی گئی تھی تاہم طیارہ میں نشستوں کی کمی کے باعث انہیں بھی ممبئی سے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حج کمیٹی کے اس فیصلہ سے عازمین حج میں بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ انہیں بس کے ذریعہ تقریباً 12گھنٹے تک سفر کرنا پڑے گا جو دشوار کن ہوسکتا ہے۔ حج کمیٹی نے ان عازمین کو خانگی ایر لائنس کے ذریعہ ممبئی روانہ کرنے کی کوشش کی لیکن ڈومیسٹک فلائیٹ میں صرف 15کیلو تک لگیج کی اجازت ہے اور کوئی بھی ایر لائنس عازمین کے فی کس 35کیلو لگیج کو قبول کرنے تیار نہیں لہذا ایر کنڈیشن والوو بسوں کا انتظام کیا گیا۔ حج کمیٹی تین والوو بسوں کے ذریعہ 27ستمبر صبح 10بجے 85عازمین کو ممبئی روانہ کرے گی۔ عازمین کے ساتھ ایک رشتہ دار کو بھی ممبئی لیجانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ممبئی کے راستے میں لنچ اور ڈِنر کا اہتمام حج کمیٹی کرے گی اس کے لئے حج کمیٹی کے ملازمین عازمین کے ساتھ موجود رہیں گے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ بسوں سے روانگی کے سلسلہ میں تمام عازمین کو اطلاع دے دی گئی ہے جن میں سے بعض نے فلائیٹ کے ذریعہ اپنے طور پر ممبئی پہنچنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 85عازمین کیلئے ممبئی حج ہاوز میں قیام و طعام کا انتظام کیا جائے گا اور 29ستمبر کی صبح سعودی ایر لائنس کی فلائیٹ جدہ کیلئے پرواز کرے گی۔ اس فلائیٹ میں کرناٹک، مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ کے بھی ویٹنگ لسٹ کے عازمین شامل ہوں گے۔ 85عازمین کی ممبئی روانگی تک حج کمیٹی ممبئی میں تمام ضروری اُمور کی تکمیل کرلے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ان عازمین کی واپسی بھی ممبئی ہوگی اور حج کمیٹی بسوں کے ذریعہ انہیں حیدرآباد منتقل کرنے کے انتظامات کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ عازمین کے ساتھ ممبئی جانے والے رشتہ داروں کو واپسی کا انتظام خود اپنے طور پر کرنا ہوگا۔ خانگی ٹراویلس نے فی عازم 700/- روپئے چارج کرنے سے اتفاق کیا ہے اس طرح ہر بس پر تقریباً 35000/- کا خرچ آئے گا اور تین بسوں کی روانگی سے حج کمیٹی کو تقریباً ایک لاکھ 25ہزار روپئے خرچ کرنے پڑیں گے جس میں راستہ میں دو وقت کے طعام کا انتظام بھی شامل ہے۔ ویٹنگ لسٹ سے منتخب تمام عازمین کو بس کی روانگی کے پروگرام سے واقف کردیا گیا ہے۔ اس آخری قافلہ کے عازمین کا تعلق تلنگانہ اور آندھراپردیش سے ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 978 تک کی ویٹنگ لسٹ کو منظوری دی ہے اور آخری کور نمبر کی کل رات منظوری کی اطلاع دی گئی۔اسی دوران اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر نے حج کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممبئی منتقل ہونے والے عازمین کیلئے تمام سہولتوں کا انتظام کریں اور اس سلسلہ میں بجٹ کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔