عیسائی مشنریز کے مراکز اطفال کے معائنوں کی ہدایت

رانچی سنٹر میں بچوں کی فروخت کے واقعہ پر منیکا گاندھی کی برہمی
نئی دہلی 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر بہبودی خواتین و اطفال منیکا گاندھی نے مدر ٹریسا چیاریٹی مشنریز کی طرف سے تمام ریاستوں میں چلائے جانے والے بچوں کی نگہداشت کے مراکز (چائیلڈ کیر ہومس) کے معائنے کرنے کی ہدایت کی جب حالیہ عرصہ کے دوران بچوں کی دیکھ بھال کے ایسے مراکز کی طرف سے غیر قانونی طور پر بچوں کو گود لینے کے واقعات منظر عام پر آئے۔ منیکا گاندھی نے ریاستوں کو ہدایت کی کہ بچوں کی دیکھ بھال کے تمام اداروں کے رجسٹریشن اور ملک کے اساسی ادارہ تولیت (متبنیٰ) سے مربوط کئے جانے کو یقینی بنائیں۔ بچوں کی دیکھ بھال اور حفاظت سے متعلق قانون انصاف اطفال 2015 کے مطابق بچوں کی دیکھ بھال کے تمام اداروں کا رجسٹریشن اور مرکزی تولیت متبنیٰ اتھاریٹی (کارا) سے اس کو مربوط کرنے کا لزوم عائد کیا گیا ہے۔ لیکن چند یتیم خانوں نے اس فقرہ کے جواز کو چیلنج کیا ہے۔ مشنریز آف چیریٹی کی طرف سے رانچی میں چلائے جانے والے بچوں کی دیکھ بھال کے ایک مرکز سے تین بچوں کو فروخت کرنے اور ایک بچہ دوسروں کو تولیت میں دینے کا واقعہ منظر عام پر آیا ہے۔ حقوق اطفال کے قومی کمیشن کے مطابق فی الحال 2,32,937 ملک کے رجسٹر اور غیر رجسٹر مراکز میں زیرپورش ہیں۔