لاہور ۔ 29جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) انسداد دہشت گردی عدالت پاکستان نے عیسائیوں کے 100سے زیادہ گھروں کو نذرآتش کردینے کے 115ملزمین کو شہادتوں کے فقدان کی وجہ سے بری کردیا ۔ جج چودھری محمد اعظم نے کل تسلیم کیا کہ وکیل صفائی کے دلائل اور مشتبہ افراد کی جانب سے پیش کردہ دلائل کی بناء پر وکیل استغاثہ ان افراد کو مجرم قرار دینے کیلئے درکار ثبوت پیش کرنے سے قاصر رہے ہیں ۔ اس لئے ان تمام ملزمین کو باعزت بری کیا جاتا ہے ۔ عیسائیوں کے گھروں کو نذرآتش کرنے کے الزام میں 115افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ۔
شاہ اردن کا دورہ امریکہ
عمان۔29جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) شاہ اردن عبداللہ کل سے امریکہ کا دورہ شروع کریں گے ۔ یہ دورہ مسلم غالب آبادی والے ممالک کے شہریوں کی امریکہ میں آمد پر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے امتناع کے تیسرے دن شروع ہوگا ۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے بموجب شاہ اردن انتظامیہ کے عہدیداروں ‘ امریکی کانگریس کے ارکان سے ملاقات کریں گے لیکن ان کے وائیٹ ہاؤز کے دورہ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ مغرب حامی اردن ان ممالک میں شامل نہیں ہے جن کے شہریوں کی امریکہ آمد پر امتناع عائد کیا گیا ہے جس کی وجہ صیانتی اندیشے ظاہر کئے گئے ہیں ۔