عید کی چھٹیاں حیدرآبادی عوام کی جانب سے بکنگ میں اضافہ

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون ( سیاست نیوز ) اس ہفتے کے اختتام پر عید کی چھٹیاں منانے کے موڈ میں موجود حیدرآبادی عوام نے تعطیلات گذارنے کیلئے حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے تفریحی مقامات کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کے اہم سیاحتی مقامات کیلئے بھی بکنگ کرلی ہے ۔ ’’ ٹیک مائی ٹریپ ‘‘ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں عید کے موقع پر حیدرآباد کے مسلم اور غیرمسلم شہریوں نے اپنی تعطیلات کیلئے جن اہم سیاحتی علاقوں کیلئے بکنگ کرلی ہے جن میں تروپتی ، ویزاگ ، مناتر ، ( کیرالا کا پہاڑی علاقہ ) الیپی اووٹی ، گوا ، ہمپی ( کرناٹک ) اور وشاکھاپٹنم میں موجود ارکوویلی سب سے زیادہ پسندیدہ مقامات ہیں ۔ عید کی چھٹیوں کیلئے اپنی منازل کے انتخاب اور اہم سیاحتی مقامات کو سیر و تفریحی کے لیے جانے والے عوام کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ جیسا کہ سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک میں عیدالفطر کا امکانی جمعہ کو ہے لہذا ہفتہ اور اتوار کے ساتھ عید کی چھٹی کا نظریہ لیکر حیدرآبادی عوام تعطیلات گذارنے کیلئے ہل اسٹیشنس اور دیگر اہم مقامات کا رخ کررہی ہیں ۔