بلدیہ کمربستہ ، عوام سے بھی تعاون کی خواہش
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے علاقوں کی سڑکوں کی مرمت اور صاف صفائی کا کام شروع کرنے جی ایچ ایم سی کی جانب سے ایک خصوصی ٹیم کی تشکیل عمل میں لائی جارہی ہے ۔ عبادت گاہیں ، عیدگاہ ، مساجد اور درگاہوں کے علاوہ دیگر اہم مقامات پر صاف صفائی کیلئے بلیچنگ پاوڈر اور سڑکوں کی مرمت کے خصوصی اقدام کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار دفتر جی ایچ ایم سی حیدرآباد میں میونسپل کمشنر مسٹر جناردھن ریڈی نے نامہ نگار سیاست شاہنواز بیگ سے بات کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں عیدیں عیدالاضحی اور گنیش تہوار ایک ماہ میں ہیں جس کے پیش نظر ان تہواروں کیلئے عنقریب ساری سڑکوں کی مرمت و صاف صفائی کا کام تیزی کے ساتھ کیا جائیگا ۔ آئندہ ہفتے تک یہ تمام کام مکمل کرلیے جائیں گے ۔ مسٹر جناردھن نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کیلئے تقسیم کیے جانے والے گوشت کو محفوظ پولی تھین کے ذریعہ تقسیم کریں تاکہ شہر میں صفائی برقرار رہے چنانچہ بلدیہ کی جانب سے بھی عید الاضحی سے دو دن قبل ان کی خصوصی ٹیم بھی متحرک رہے گی ۔ اور شہر میں امن و امان کی برقراری کیلئے بھائی چارگی کا مظاہرہ پیش کرے تاکہ ہندو مذہب کے افراد کو اعتراض نہ ہوسکے ۔ اس لیے گوشت کی تقسیم کے وقت خاص خیال رکھنا چاہئے ۔ شہر کی سلم بستیاں دھول پیٹ ، کاروان ، صنعت نگر کے مقامات پر جو بارش پانی سڑک پر جمع ہونے کے سبب عوام کو دشواریاں پیش آرہی ہیں جس کے باعث ان تمام سڑکوں پر بلدیہ کی جانب سے کنکریٹ ، بلیچنگ کے ذریعہ درست کیا جائے گا ۔ اور اہم عبادت گاہوں پر اسٹریٹ لائٹس اور تیز روشنی کے لائٹس بھی نصب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گنیش نمرجن کے موقع پر بھی سڑکوں کی مرمت و درستگی کا خاص خیال رکھا جائے گا ۔