عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی کے تحفظ کیلئے اعلامیہ کی تیاری

سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق 154 افراد کی دعویداری کی سماعت
حیدرآباد۔/4نومبر، (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی 90 ایکر اراضی کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ نے گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی کی تیاری کرلی ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق وقف بورڈ نے اراضی کے مسئلہ پر مقامی افراد کے اعتراضات کی سماعت کی جس میں 154 افراد نے اس اراضی پر اپنی دعویداری پیش کی۔ یہ وہ لوگ ہیں جو وقف اراضی پر غیر مجاز قبضہ کئے ہوئے ہیں۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر منان فاروقی نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی رو سے تمام اعتراضات اور دعویداری کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے بارے میں وقف بورڈ کو فیصلہ کرنا ہے ۔ چونکہ یہ تمام غیر مجاز قابضین ہیں لہذا اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے اس کی وجوہات کے ساتھ ہر ایک کو واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 154 اعتراضات پر علحدہ علحدہ جواب تیار کرنے کیلئے وقت لگ سکتا ہے تاہم وہ اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ آئندہ بورڈ میٹنگ سے قبل یہ کام مکمل کرلیا جائے۔ غیر مجاز قابضین کو اعتراضات مسترد کرنے کے مکتوب کی روانگی سے قبل ہائی کورٹ میں کیویٹ داخل کیا جائے گا تاکہ کوئی پارٹی عدالت سے وقف بورڈ کے گزٹ نوٹیفکیشن پر حکم التواء حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بسااوقات قابضین نوٹس کی عدم وصولی کا بہانہ بناکر عدالت سے رجوع ہوتے ہیں لیکن اس معاملہ میں وقف بورڈ کوئی بھی عذر باقی نہیں رکھے گا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے کہا کہ بورڈ کے اجلاس میں گزٹ نوٹیفکیشن کی منظوری کے بعد اسے جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گزٹ نوٹیفکیشن کے سلسلہ میں ماہرین قانون سے رائے حاصل کرلی گئی ہے۔ غیر مجاز قابضین کی جانب سے تعمیری سرگرمیوں میں تیزی پیدا کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعمیری سرگرمیوں سے بورڈ کی ملکیت کی دعویداری متاثر نہیں ہوگی اور گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد ان تمام کو وقف بورڈ سے رجوع ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد عالمگیر، خانم میٹ کی ایک ایکر 15 گنٹے اراضی کی حصار بندی مکمل کرلی گئی ہے اور قدیم مسجد کی تزئین نو کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ریونیو عہدیداروں کے تعاون کی صورت میں دونوں اوقافی اراضیات کے تحفظ میں مدد مل سکتی ہے۔