عیدگاہ میر عالم اور مادنا پیٹ میں نماز عیدالاضحی کے وسیع انتظامات

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا جائزہ اجلاس، عہدیداروں کی ٹیم کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 21۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے عیدگاہ میر عالم اور عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں نماز عیدالاضحیٰ کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم سے انتظامات کے سلسلہ میں بات چیت کی اور عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے دونوں عیدگاہوں کو روانہ کیا ۔ عیدگاہ میر عالم میں گزشتہ کے مقابلہ اس مرتبہ وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ شہر کی بعض عیدگاہوں میں بارش کے پیش نظر نماز عیدالاضحیٰ کا انتظام نہ سے سبب عیدگاہ میر عالم میں انتظامات کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ اگرچہ موسم خوشگوار ہوچکا ہے لیکن نماز کے موقع پر بارش کی صورت میں احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ مصلیوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ جائے نماز لائیں تاکہ نماز میں دشواری نہ ہو۔ عیدگاہ میرعالم میں نماز الاضحیٰ صبح 9.30 بجے ادا کی جائیگی۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ (جامعہ نظامیہ) و مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا۔ عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں نماز عیدالاضحیٰ صبح 9 بجے ادا کی جائے گی ۔ مولانا یوسف مدنی امامت اور خطبہ دیں گے ۔ نماز سے قبل مولانا سعادات پیر بغدادی کا خطاب ہوگا ۔ صدرنشین محمد سلیم عیدگاہ میرعالم میں نماز ادا کریں گے۔