عیدگاہ میر عالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ میں نماز عید 10 بجے ہوگی

حیدرآباد۔25جون (سیاست نیوز) عید گاہ میر عالم میں نماز عیدالفطر ٹھیک 10بجے ادا کی جائے گی۔ نماز عیدالفطر کی امامت و خطبہ مولانا حافظ محمد رضوان قریشی انجام دیں گے۔ نماز سے قبل 9بجے صبح سے شیخ الادب جامعہ نظامیہ مولانا سیف اللہ فضائل عید الفطر کے متعلق بیان فرمائیں گے۔ 9:30سے مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ امیر امارت ملت اسلامیہ فضائل عید باین کریں گے۔ عیدگاہ قدیم مادننا پیٹ میں بھی نماز عید الفطر ٹھیک 10بجے ادا کی جائے گی۔
مکہ مسجد میں نماز عید 10 بجے
حیدرآباد 25 جون ( پریس نوٹ) جناب محمد عبدالقدیر صدیقی مہتتم مکہ مسجد کی اطلاع کے بموجب نماز عید الفطر یکم شوال بروز پیر بوقت 10 بجے دن ہوگی ۔ نماز عید الفطر کی امامت اور خطابت جناب حافظ محمد لطیف احمد امام مکہ مسجد کی ہوگی ۔ 9 تا 10 بجے فضائل بیان کئے جائیں گے ۔ جناب حافظ شیخ محمد علی موذن مکہ مسجد مکبر ہونگے ۔
حیدرآباد۔25جون(سیاست نیوز) شہر میں عید الفطر کی تیاریوں کو بہتر سے بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جناب الحاج محمد سلیم صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ و رکن قانون ساز کونسل نے افطار کے بعد بارش کے آغاز کے ساتھ ہی متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے عیدگاہ میر عالم‘ عیدگاہ مادنا پیٹ اور عیدگاہ اجالے شاہ کے علاوہ عیدگاہ بالامرائی میں انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی اور کہا کہ وہ فوری متحرک ہوجائیں اور شدید بارش کی صورت میں عوام کی سہولت کیلئے ہر ضروری قدم اٹھانے کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صبح کی اولین ساعتوں میں عیدگاہوں کو پہنچ جائیں اور دیگر محکمہ جات سے تعاون حاصل کرکے مصلیوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو ایسے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ جناب الحاج محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے عیدگاہ کے انتظامات کو بہتر بنانے اقدامات کئے گئے ہیں اور بارش کے پیش نظر شامیانوں کی تنصیب بھی عمل میں لائی گئی ہے لیکن بارش تیز ہونے کی صورت میں مسائل سے نمٹنے کی ہدایت دیدی گئی ہے اور محکمہ برقی کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ صبح سے دستیاب رہیں اور ضرورت پڑنے پر مورم اندازی کی جائے تاکہ پانی جمع نہ ہونے پائے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عالم اسلام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر عالم اسلام میں امن و امان کے علاوہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے دعاء کریں۔