محمد محمود علی کا دورہ لمحہ آخر میں منسوخ، سکریٹری اقلیتی بہبود کی مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) عیدالفطر کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے آج عیدگاہ میرعالم کا دورہ کیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ عید گاہ میرعالم میں نماز عیدالفطر کے انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی یہ دورہ کرنے والے تھے تاہم لمحہ آخر میں ان کا پروگرام منسوخ ہوگیا۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ہمراہ پولیس، واٹر ورکس، بلدیہ، برقی، ہیلت، ٹریفک پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ سالِ گذشتہ کی طرح اس بار بھی مصلیوں کیلئے مؤثر انتظامات کا فیصلہ کیا گیا۔ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ہدایت دی گئی کہ شامیانوں پر واٹر پروف کوور لگایا جائے تاکہ مصلی بارش کی صورت میں محفوظ رہ سکیں۔ زائد تعداد میں شامیانے نصب کرنے کے علاوہ دور دور تک مصلیوں کی صفوں کے پیش نظر زائد جائے نمازوں کا انتظام کیا جائے گا۔ عید گاہ میرعالم اور اس کے اطراف کے علاقوں میں صحت و صفائی کے انتظامات کئے جائیں گے جس کا ابھی سے آغاز کردیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے عید گاہ کے راستوں پر ٹووھیلرس اور فور وھیلرس گاڑیوں کیلئے پارکنگ کا علحدہ انتظام کیا جائے گا۔ ٹریفک جام سے بچنے کیلئے زائد پولیس فورس کو تعینات کیا جائے گا اور عید گاہ کی سڑک پر دیگر بڑی گاڑیوں کے داخلے پر تحدیدات عائد رہیں گی۔ برقی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نماز عید کے موقع پر بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنائیں اور اعلیٰ عہدیداروں کی ٹیم کو اس کام کی نگرانی کیلئے متعین کیا جائے۔ پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں واٹر ورکس حکام کو ضروری ہدایات دی گئیں۔ وضو کے علاوہ پینے کیلئے پانی کا بھی انتظام واٹر ورکس کی جانب سے کیا جائے گا۔ عید گاہ کے احاطہ میں سٹی پولیس اور وقف بورڈ کی جانب سے ہر سال کی طرح خصوصی شامیانہ نصب کیا جائے گا جس میں اعلیٰ عہدیدار موجود رہیں گے۔ خطیب و امام مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی نماز عید کی امامت اور خطبہ دیں گے۔ اس موقع پر خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ بعد میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ اسد اللہ نے بتایا کہ ہر سال کی طرح وقف بورڈ کی نگرانی میں انتظامات کئے جارہے ہیں اور بارش کے موسم کو دیکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عید گاہ میر عالم کے علاوہ عید گاہ مادنا پیٹ، تاریخی مکہ مسجد اور شہر کی دیگر عید گاہوں میں بھی مؤثر انتظامات کیلئے حکومت نے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ کی جانب سے مساجد اور عید گاہوں کی آہک پاشی و دیگر ضروری کاموں کے سلسلہ میں فنڈز ضلع کلکٹرس کو جاری کئے گئے ہیں۔