عیدگاہوں پر نماز عید الفطر کی تیاریاں زور و شور سے جاری

حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ماہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اب ہم سے جدا ہونے کو ہے جس کے ساتھ ہی ایک طرف جہاں مسلمانان حیدرآباد صوم و صلواۃ کے ساتھ ساتھ عید کی تیاریوں میں بھی زور و شور سے مصروف ہوگئے ہیں ۔ وہیں دوسری طرف حکومت تلنگانہ کی جانب سے عیدگاہوں اور مساجد کی مرمت اور تزئین نو کے لیے خاطر خواہ فنڈز بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔ جب کہ وقف بورڈ کی جانب سے بھی عیدگاہ میرعالم ، گنبد قطب شاہی گولکنڈہ عیدگاہ اور مادنا پیٹ عیدگاہ کے لیے مجموعی طور پر 5 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں اس کے علاوہ مذکورہ عیدگاہوں کے لیے مزید 87 ہزار روپئے وقف بورڈ کی جانب سے دئیے گئے ہیں۔ تاکہ اس کے ذریعہ عیدگاہوں میں موجود جھاڑیوں کی صاف صفائی اور آہک پاشی کی جاسکے ۔ اس سلسلے میں آج ہم عیدگاہ میر عالم کا جائزہ لینے پہنچے تو دیکھا کہ تمام تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جہاں 200 سالہ اس قدیم عیدگاہ کی آہک پاشی اور رنگ و روغن کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ اور فرش پر شاہ باد کے پتھر بچھائے جارہے تھے ۔ جب کہ نواز کمپنی کی جانب سے شامیانے نصب کرنے ، لاوڈ اسپیکر لگانے ، جاء نماز وضو اور پینے کے پانی کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں جب ہم نے نواز کمپنی کے مالک عبدالمجید سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ 70 بڑے شامیانے 100 سے زائد لاوڈ اسپیکر اور نئی فرش پر نئی جاء نمازیں بچھانے کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ دریں اثناء عیدگاہ میر عالم کے پورے گراونڈ میں مرم کی مٹی ڈال مسطح کرنے کام بھی جاری ہے ۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس بار نئی حکومت تلنگانہ نے عیدگاہوں اور مساجد کی مرمت کے لیے 2.20 کروڑ روپئے کی رقم ریاست تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹرس کے لیے جاری کئے ہیں ۔ جہاں متعلقہ کلکٹر یہ رقم عیدگاہوں اور مساجد کے متولیوں اور نگران کاروں کو مسجدوں اور عیدگاہوں کی مرمت اور داغ دوزی کے لیے جاری کریں گے ۔ اس کے لیے باضابطہ جی او جاری کرتے ہوئے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مطلوبہ تفصیلات حاصل کرتے ہوئے رقومات جاری کردیں ۔۔