عیدالفطر ‘ عیدالاضحی و کرسمس کیلئے دو دن تعطیلات

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا اعلان : ریاستی اسمبلی میں تصرف بل 2014 کو منظوری
حیدرآباد /28 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج اتفاق رائے سے تصرف بل 2014ء منظور ہو گیا، مگر تلگودیشم نے واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عید الفطر، عید الاضحی اور کرسمس کے لئے دو دن کی تعطیلات کا اعلان کیا۔ انھوں نے مباحث میں لیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد علحدہ ریاست میں پہلی حکومت تشکیل دینے والی ٹی آر ایس نے وعدہ کے مطابق بجٹ میں اقلیتوں کے لئے 1030 کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی، جب کہ غریب اقلیتوں لڑکیوں کی شادی کے لئے شادی مبارک اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت وقف جائدادوں کے تحفظ اور اس کی نگہداشت کے لئے سنجیدہ کام کرے گی، ان جائدادوں کی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرنے کے لئے ایوان کی کمیٹی تشکیل دے گی اور بہت جلد وقف ٹریبونل جج کا تقرر کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اب تک عید الفطر، عید الاضحی اور کرسمس کے موقع پر صرف ایک دن کی سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جاتا تھا، لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کی سہولت کے لئے دو دن کی سرکاری تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس کے بدلے تین دوسرے ہفتوں کی تعطیلات میں کام کرنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ 2001ء میں جب تلنگانہ تحریک شروع ہوئی تھی تو اس وقت تمام گوشے اسے ناممکن قرار دے رہے تھے، تاہم انھوں نے ہمت سے کام لیا اور کبھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔