عیدالفطر جوش و مسرت سے منائی گئی

ملک بھر میں اجتماعات اور خصوصی دعائیں ،وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے پیامات
نئی دہلی ۔19جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک گیر سطح پر ہفتہ کے دن عیدالفطر پورے جوش و مسرت کے ساتھ منائی گئی ۔ نماز عید میں شریک تمام مسلمانوں نے مسجدوں اور عیدگاہوں پر ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد کا باہم تبادلہ کیا ۔ مسجدوں میں عید کی نماز ادا کرنے والوں کا کثیر ہجوم دیکھا گیا ۔ سرینگر میں حضرت بل کی درگاہ  پر 60ہزار  سے زیارہ افراد نے نماز عیدادا کی ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید ‘ سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ بھی نمازیوں کی صفوں میں شامل تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی ‘ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے عید کی مبارکباد ابنائے وطن کو پیش کی ۔ مودی نے کہا ’’ یہ تہوار معاشرہ میں اخوت اور  خیرسگالی کے جذبہ کی نمائندگی کرتا ہے ‘‘ ۔ بالی ووڈ کے ستاروں نے شخصی طور پر ملاقاتوں اور سماجی ذرائع ابلاغ کے ذریعہ ہم وطنوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔

 

نئی دہلی میں ہزاروں مسلمانوں نے جامع مسجد دہلی ‘ مسجد فتح  پوری ‘ مسجد حضرت نظام الدین اور دیگر مساجد میں نماز عید ادا کی  ۔ نماز کے بعد انہوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔ عوام کو ملک گیر سطح پر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیویوں اور شیرخرمے کے ذریعہ تواضع کرتے دیکھا گیا ۔ جموں و کشمیر میں درگاہ حضرت بل کے علاوہ اننت ناگ اور بارہمولہ میں کثیر تعداد میں لوگوں کو نماز عید ادا کرتے دیکھا گیا ۔ جن بالی ووڈ اداکاروں نے اپنے رشتہ داروں ‘ دوستوں اور مداحوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ان میں امیتابھ بچن ‘ شاہ رخ خان ‘ اکشے کمار اور اجئے دیوگن شامل تھے ۔ ملک کی تمام ریاستوں میں بھی عید کا جوش و خروش اور خوشی و مسرت دیکھی گئی ۔ مساجد پر ہجوم تھیں ‘ ریاست کیرالا میں بھی ہفتہ کے دن جزوی طور پر عید منائی گئی ۔