تمکین سلوشنس کے حوصلہ افزاء نتائج، عبدالمجیب خان کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 19 سپٹمبر (سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر بکروں کی خریداری کے ساتھ ساتھ ملت کو فائدہ پہنچانے کے اقدامات کے طور پر تمکین سلیوشنس کی جانب سے پیش کردہ منفرد پیشکش کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ جناب عبدالمجیب خان نے آج محبوب نگر کے منڈل اوٹکور کے ذمہ داران کے ہمراہ یادداشت مفاہمت پر دستخط کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔ اُنھوں نے بتایا کہ تمکین سلیوشنس کی جانب سے صرف بکروں کی فروخت پر توجہ نہیں دی جارہی ہے بلکہ بکروں کی پرورش اور افزائش اور اُن کی فروخت کے بعد اُس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ملی مفادات کے لئے خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اِس منفرد منصوبہ کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہونے کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے علاوہ مواضعات کی ترقی پر بھی توجہ دی جائے گی۔ جناب عبدالمجیب خان نے آج پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اوٹکور میں جناب منصور وارڈ ممبر سے معاہدہ کے ذریعہ جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اِس کے مطابق انگریزی میڈیم انٹر کالج کے علاوہ اسلامک ماڈل اسکول اور اساتذہ کے لئے تربیتی پروگرام شامل ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ہونے والی تجارت کی آمدنی کو ملت کی ترقی کے لئے استعمال کرنے کے منصوبہ کے تحت یہ معاہدہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیمی ترقی کے لئے جو تجاویز رکھی گئی ہیں اُن کی پذیرائی مختلف گوشوں سے کی جارہی ہے۔ عبدالمجیب خان کے بموجب بکروں کی فروخت سے ہونے والی جملہ آمدنی کا 20 فیصد حصہ فلاحی سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا جبکہ 40 فیصد حصہ تنظیم کو مزید مستحکم بنانے کے لئے خرچ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ بکروں کی پیشگی فروخت و بُکنگ کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی اور بکروں کی پرورش و افزائش سے خریدار تک کو جوڑنے کی کوششوں کے ذریعہ جو فائدہ حاصل ہورہا ہے اُس کے مستقبل میں مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔