عیدالاضحی کے موقع پر بارش ، کئی مقامات پر پانی ، عوام کی آمد و رفت میں مشکلات

پرانے شہر میں بلدیہ کی خدمات میں پہلوتہی ، نئے شہر میں سرعت پسندی کا مظاہرہ ، جھاڑ و دیواریں منہدم
حیدرآباد۔14 ستمبر (حیدرآباد) شہر میں عیدالاضحی کے موقع پر ہوئی بارش کے سبب عوام کو کئی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔ عین نماز عید کے وقت تیز رفتار بارش کے باعث شہریوں کو سڑکوں سے گذرنے میں بھی مشکلات پیش آرہی تھیں۔ دونوں شہروں میں شہریوں نے عیدالاضحی کے موقع پر عیدگاہوں کے بجائے مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کو ترجیح دی۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی برقی سربراہی متاثر ہونے سے بھی عوام کو شدید مشکلات پیش آئیں۔چندرائن گٹہ‘ حافظ بابا نگر‘ اسمعیل نگر‘ بندلہ گوڑہ‘ ہاشم آباد‘ بھوانی نگر‘ تالاب کٹہ‘ محمد نگر‘ یاقوت پورہ‘ نشیمن نگر‘ کالا پتھر‘ مغلپورہ‘ تاڑبن‘ بہادر پورہ کے علاوہ بعض دیگر نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا جس کی نکاسی کے لئے عملہ دستیاب نہ ہونے کے سبب عوام میں شدید برہمی دیکھی گئی۔ نئے شہر کے علاقوں ٹولی چوکی ‘ مہدی پٹنم‘ مانصاحب ٹینک‘ گچی باؤلی‘ سوماجی گوڑہ ‘ پنجہ گٹہ‘ مقطعہ مدار صاحب‘ راج بھون ‘ بیگم پیٹ‘ فتح نگر‘ کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جن پر کاروائی کرتے ہوئے بلدیہ کے ایمرجنسی عملہ نے پانی کی نکاسی کی کاروائی انجام دی۔ شہر کے مختلف مقامات پر 13ستمبر کو ہوئی بارش کے سبب درختوں کے گرنے اور بعض مخدوش عمارتوں کے کچھ حصہ منہدم ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں لیکن ان میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن اور کمشنر بلدیہ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کی راست نگرانی میں بلدی عملہ کی جانب سے بارش کے پانی کی نکاسی اور کنٹرول روم کے ذریعہ خدمات جاری تھیں ۔ ان دونوں ذمہ داران کے علاوہ بلدیہ کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے شہر کے کئی علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کے اقدامات کئے گئے۔ شہر میں عیدالاضحی کے سبب ٹریفک نہ ہونے کے سبب ایمرجنسی عملہ کو بارش کے پانی کی نکاسی میں کوئی دشواری پیش نہیں آرہی تھی بلکہ جس مقام پر ضرورت ہو فوری عملہ کی روانگی کے انتظامات کئے جا رہے تھے۔بلدیہ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے بموجب شہر میں 110مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جن میں 107مقامات پر بروقت کاروائی کو یقینی بنایا گیا اسی طرح 14درختوں کے گرنے کی شکایات وصول ہوئیں جنہیں فوری سڑک سے ہٹا دیا گیا اور ایک مخدوش مخلوعہ عمارت کے علاوہ ایک قدیم کمپاؤنڈ کی دیوار منہدم ہو گئی جس میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔