لاہور ، 14 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے ہندوستان کو پھر ایک بار تنگ کرنے والا مسئلہ چھیڑتے ہوئے گزشتہ روز عیدالاضحی کو کشمیریوں کی ’عظیم قربانیوں‘ کے نام کیا اور کہاکہ ان کی آوازوں کو طاقت کے ذریعہ دبایا نہیں جاسکتا۔ وزیراعظم نے عید کے موقع پر اپنے پیام میں کہاکہ ہم کشمیریوں کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔ وہ اپنی قربانیوں کے ذریعہ ضرور کامیاب ہوں گے۔ ہم اِس عید کو کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کے نام کرتے ہیں اور ہم ایسا بدستور کرتے رہیں گے تاوقتیکہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کشمیری عوام کی اُمنگوں کی مطابقت میں ہوجائے۔ نواز شریف نے یہاں اپنی قیامگاہ رائے ونڈ میں واقع مسجد میں دیگر ارکان خاندان کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ اُنھوں نے کہاکہ کشمیری لوگوں نے ہندوستان سے حصول آزادی کے لئے اپنی جدوجہد میں اپنی تیسری نسل تک قربان کردی ہے۔ وہ خود اختیاری کا اپنا حق حاصل کرنے کے لئے بے تکان جدوجہد کررہے ہیں اور اُنھیں ہندوستانی مظالم کا سامنا ہے۔ تاہم اُن کی آواز کو طاقت کے ذریعہ نہیں دبایا جاسکتا۔ اِس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان کو یاد رکھنا ضروری ہے کہ ہمارے کشمیری بھائی اور بہنیں دہشت گردی سے متاثر ہیں۔