عیدالاضحی اور گنیش وسرجن کے دوران صاف صفائی کو قطعیت

کچہرے کی نکاسی کے لیے گاڑیاں مختص ، پلاسٹک تھیلیوں کی تقسیم
حیدرآباد۔31اگسٹ (سیاست نیوز) شہر میں عیدالاضحی اور گنیش وسرجن جلوس کے دوران صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اقدامات کئے جا چکے ہیں اور جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظاما ت کو مؤثر بنانے کے لئے 2کروڑ 57لاکھ کے اخراجات سے 464اضافی گاڑیاں کچہرے کی نکاسی کیلئے مختص کی جائیں گی اور اسی طرح گنیش جلوں کے لئے 236گاڑیوں کے ذریعہ کچہرے کی نکاسی کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس کے لئے 1کروڑ 5لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ عیدالاضحی کے دوران کچہرے کے لئے پلاسٹک کے تھیلوں کی تقسیم کو بھی ممکن بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور 1لاکھ 49ہزار 120 پلاسٹک کے تھیلے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جی ایچ ایم سی کو 18لاکھ 78ہزار 912روپئے کے اخراجات ہو رہے ہیں اسی طرح گنیش پنڈالوں کے ذمہ داروں میں بھی 60ہزار 950 پلاسٹک کے تھیلے تقسیم کئے جائیں گے اور اس کیلئے 7لاکھ 67ہزار 970 روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گنیش نمرجن جلوس کے تمام انتظامات کو بھی مکمل کرلیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ حسین ساگر کے علاوہ دیگر تالابوں میں بھی وسرجن کو ممکن بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور گنیش وسرجن جلوں کے مکمل انتظامات کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 4کروڑ 66لاکھ 75ہزار روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں تاکہ جلوس کے دوران کسی کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور جلوس گذرنے کے راستوں پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 99لاکھ 35ہزار روپئے کے اخراجات سے روشنی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے اور 33ہزار 827اضافی فیلڈ لائٹس کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی ۔جی ایچ ایم سی نے جلوس گذرنے کے راستوں پر برقی اور بالخصوص اسٹریٹ لائٹس کی کارکردگی کو بہتر بنائے رکھنے کیلئے 135خصوصی ٹیموں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر بھی صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل کے علاوہ اضافی عملہ کی خدمات کو حاصل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔عیدا لاضحی کے دوسرے اور تیسرے دن بھی شہر میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے علاوہ ازیں جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ اطلاع کے مطابق وسرجن کے لئے حسین ساگر کے اطراف 117کرین کی تنصیب عمل میںلائی گئی ہے۔