عکس حیدرآباد کا دوسرا حصہ منظر عام پر آنے کیلئے تیار

سے500 سے زائد تصاویر اور نادر پینٹنگس کا عکس۔ جناب زاہد علی خاں اور علامہ اعجاز فرخ کی سعی

حیدرآباد /5 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد کی گم گشتہ تہذیب و ثقافت کی بازیافت اور شہر کے نقوش کو یکجا کرنے کے لئے ادارہ سیاست نے عکس حیدرآباد کی صورت میں 600 سے زائد تصاویر پر مشتمل البم شائع کیا تھا، لیکن ہنوز یہ مکمل نہیں تھا۔ علامہ اعجاز فرخ کی سخت محنت اور جاں فشانی کے نتیجے میں 500 سے زائد تصاویر پر مشتمل عکس حیدرآباد کا دوسرا حصہ منظر عام پر آنے کے لئے تیار ہے۔ یہ البم اس انداز میں مرتب کیا گیا ہے کہ ناظر قلعہ گولکنڈہ، خلوت مبارک، چومحلہ، فلک نما پیلس کی اندرونی آرائش و زیبائش کے ساتھ ماضی میں سیر کرسکے۔ اس کے علاوہ بیشتر ڈیوڑھیوں، بارہ دریوں، شاہراہوں، ذرائع حمل و نقل، مذہبی عبادت گاہوں، تالابوں اور مشہور عمارتوں کے علاوہ بیش قیمت پینٹنگس کے خوبصورت عکس بھی اس البم میں شامل کئے گئے ہیں۔ جو احباب ’’حیدرآباد کی کہانی رنگوں اور تصویروں کی زبانی‘‘ میں دلچسپی رکھتے ہیں، ان کے لئے یہ البم ادارہ سیاست کی جانب سے ایک بیش بہا سوغات ہے۔ جناب زاہد علی خاں مدیر سیاست کی ادارت اور ہر باب پر علامہ اعجاز فرخ کے تعارفی نوٹ نے اسے ایک دستاویز کی صورت دے دی ہے۔ توقع ہے کہ 14 جون کے قریب یہ البم قارئین کی خدمت میں پیش کردی جائے گی۔ تاسیس تلنگانہ کے موقع پر ادارہ سیاست نے پیشگی کتاب محفوظ کروانے والوں کو تحفہ گل کی پیشکشی بطور خاص 500 روپئے رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رعایت صرف اڈوانس بکنگ کروانے والوں کی حد تک رہے گی۔ اڈوانس بکنگ کو 6 تا 10 جون دوبارہ کھولا جا رہا ہے، جس سے خواہش مند استفادہ کرسکتے ہیں۔