حیدرآباد 25 جنوری ( آئی این این ) چیف جسٹس آندھرا پردیش ہائیکورٹ جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا نے آج کہا کہ ایک موقع پر رابندر ناتھ ٹیگور نے کہا تھا کہ عوام کو رائے دہی کا جو حق حاصل ہے اس کیذریعہ وہی بادشاہ ہیں ‘ وہی رعایا ہیں اور عملا وہی ناخدا ہیںکیونکہ رائے دہندے ہی اپنے ووٹ کے ذریعہ اپنی قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اب رائے دہندے خود اپنے میں سے اپنے حکمران کا انتخاب عمل میں لائیں۔ چیف جسٹس نیشنل ووٹرس ڈے تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ نیشنل ووٹرس ڈے کا آج یہاں رویندرا بھارتی میں انعقاد عمل میں آیا ۔ چیف جسٹس کے علاوہ ‘ چیف سکریرٹی ڈاکٹر پی کے موہنتی ‘ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پی رماکانت ریڈی ‘ چیف الیکٹورل آفیسر بنور لال ‘ کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار اور اسپیشل کمشنر جی ایچ ایم سی نوین متل نے شمع روشن کرتے ہوئے چوتھے قومی یوم رائے دہندگان کا افتتاح انجام دیا ۔ تقریب کا اہتمام ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا گیا تھا اور اس کا مقصد شہریوں میں حق رائے دہی کے تعلق سے شعور بیدار کرنا تھا ۔ اس کے علاوہ اس موقع پر تقریری ‘ کوئیز اور دیگر مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کرنا تھا ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پی رماکانت ریڈی نے شرکا کو حلف دلایا اور کہا کہ نوجوان رضاکارانہ طور پر اس تقریب میں شرکت کر رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے ریاست کے تمام رائے دہندوں سے کہا کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔
انہوں نے نوجوانوں سے جن کی عمریں 18 سال ہوگئی ہیں اپیل کی کہ وہ اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کروائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فہرست رائے دہندگان میں نام شامل کرنے کی کوئی آخری تاریخ نہیں ہے ۔ یہ ایک مسلسل عمل ہے اور نوجوانوں کو چاہئے کہ جب کبھی وہ اس عمر کو پہونچ جائیں اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کروالیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کیلئے یہ خوشی کی بات ہے کہ اس طرح کا کوئی پروگرام منعقد کیا گیا ہے جو جمہوریت کا حصہ ہے ۔ انہوں نے الیکٹورل عہدیداروں کو ان کے فرائض کی انجام دہی پر مبارکباد پیش کی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر بنور لال نے کہا کہ مختلف این جی اوز ‘ سیول سوسائیٹی اور تعلیمی اداروں کی شرکت کی وجہ سے ریاست میں 68,000 پولنگ اسٹیشن ہیں جہاں 6.24 کروڑ رائے دہندے اپنے ووٹ کا استعمال کرینگے ۔ چیف سکریٹری نوین متل نے کہا کہ ہم نہ صرف یوم رائے دہندگان منا رہے ہیں بلکہ یہ جمہوریت منائی جا رہی ہے ۔ ہم کو بے خوف رائے دہندہ ہونا چاہئے اور ہر شہری کو اپنا ووٹ استعمال کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا اصل مقصد رائے دہندوں میں شعور بیدار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ انتخابات میں 90 فیصد رائے دہی ہو۔انہوں نے کہا کہ نئے رائے دہندوں کے اندراج میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ اسپیشل کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر نوین متل نے شکریہ ادا کیا ۔