عوام کے معیار زندگی میں اضافہ ہی حقیقی ترقی

ہریتا ہرم پروگرام کو تحریک کی طرح چلانے کا مشورہ، وزیر آبپاشی ہریش راؤ اور وزیر جنگلات جوگو رامنا کا خطاب
حیدرآباد 28 اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کے معیار زندگی میں اضافہ ریاست کی حقیقی ترقی ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اسی راہ پر گامزن ہیں اور وہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی مساعی کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے آج سدی پیٹ میونسپلٹی کے حدود میں ہریتاہرم کے چوتھے مرحلہ کا افتتاح کیا اور ایک دن میں 50,000 پودے لگائے ۔ انہوں نے رورل پولیس اسٹیشن کی عمارت کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وزیر جنگلات جوگو رامنا ، رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی ، ارکان مقننہ پی سدھاکر ریڈی ، فاروق حسین ، ضلع کلکٹر پی وینکٹ رام ریڈی ، کمشنر پولیس جویل ڈیوس ، میونسپل چیرمین راجننا اوردوسروں نے شرکت کی ۔ 34 میونسپل وارڈس میں 50,000 پودے لگائے گئے ۔ ہریش راؤ نے قدیم بس اسٹانڈ امبیڈکر سرکل پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ دیگر اضلاع کے لئے ترقی کے معاملہ میں مثال ہے۔ سابق حکمرانوں نے ضلع کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آنے والی نسل کی خوشحالی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقدامات کئے ہیں۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ ریاست بھر میں 23 کروڑ پودے لگائے گئے ۔ بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ہم سے ہر ایک کو شجرکاری کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریتا ہرم پروگرام میں ہر ایک کو شامل ہوتے ہوئے اسے کامیاب بنانا چاہئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ گجویل اور سدی پیٹ میں ہریتا ہرم پروگرام پر کامیابی سے عمل کیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے خود گجویل کا دورہ کرتے ہوئے اس پروگرام کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے حلقہ انتخاب گجویل میں ایک ہی دن میں ایک لاکھ 30 ہزار پودے لگائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریتا ہرم پروگرام کو ایک تحریک کی طرح ہر کسی کو اختیار کرنا چاہئے۔ شجرکاری سے فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور آنے والی نسلوں کا مستقبل تابناک ہوگا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ میں دنیا کے مختلف ممالک میں ہندوستان کے اقدامات مثالی ہے۔ دیگر ممالک میں بھی ہندوستان کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میں یہ آخری ہریتا ہرم پروگرام ہونا چاہئے اور آئندہ شجرکاری کیلئے جگہ دستیاب نہ رہے۔ ریاستی وزیر جنگلات جوگو رامنا نے کہا کہ چیف منسٹر نے ہریتا ہرم پروگرام کی کامیابی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات ہریتا ہرم پروگرام کو پوری سنجیدگی کے ساتھ عمل کر رہا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی نے سدی پیٹ میں ہریتا ہرم پروگرام میں عوام کی شمولیت کی ستائش کی اور کہا کہ ضلع میں جشن کا ماحول دکھائی دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے ضلع کی ترقی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی اقدامات میں سدی پیٹ دیگر اضلاع کیلئے ایک مثال ہے۔ ضلع کلکٹر اور کمشنر پولیس نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔