عوام کے دو دن کے تعاون پر پانچ سال تک خدمت کا عزم

خیریت آباد کانگریس امیدوار ڈاکٹر شراون کی بائیک ریالی ، عوام سے خطاب
حیدرآباد ۔ /5 ڈسمبر (سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر شراون نے کہا کہ 2 دن کیلئے عوام ان کیلئے کام کرتے ہیں تو وہ آئندہ 5 سال تک خادم بن کر عوام کی خدمت کریں گے ۔ کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے پیپلز فرنٹ کے حلیف جماعتوں کے قائدین و کارکنوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی ۔ انتخابی مہم کے آخری دن مختلف علاقوں میں ڈاکٹر شراون نے بائیک ریالی منظم کی ۔ کے بی آر پارک پر اہم شخصیتوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ اسمبلی حلقہ خیریت آباد میں ٹی آر ایس قیادت نے ڈی ناگیندر کو بلی کا بکرا بنادیا ہے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ اتحاد ہوجانے کے بعد ٹی آر ایس کیڈر میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔ ٹی آر ایس کے کئی مقامی قائدین اور کارکن پارٹی قیادت پر ناراض ہے اور ان سے رجوع ہورہے ہیں ۔ اگر مسلم اور سیکولر رائے دہندے تھوڑی سی بھی غفلت کرتے ہیں تو ان کا راست فائدہ بی جے پی کو پہونچے گا ۔ قدم قدم پر ٹی آر ایس نے بی جے پی اور این ڈی اے کی تائید کی ہے ۔ طلاق ثلاثہ کے مسئلہ پر بھی بی جے پی کا ساتھ دیا ہے ۔ ایسی دھوکہ باز جماعت ٹی آر ایس سے اقلیتوں کو چوکنا رہنا چاہئیے ۔ ٹی آر ایس کو دیا جانے والا ووٹ بی جے پی کو مستحکم کرے گا ۔ اس لئے وہ رائے دہندوں سے اپیل کررہے ہیں کہ ووٹ کا استعمال کرنے سے قبل جوش کے بجائے ہوش سے کام کریں اور انہیں کامیاب بنائیے ۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ ناگیندر اور رامچندرا ریڈی اسمبلی حلقہ خیریت آباد کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔