عوام کی شدید برہمی کے بعد موبائیل گیم ’’بم غزہ‘‘ حذف

واشنگٹن ۔ 5 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ’’بم غزہ‘‘ موبائیل گیم کو گوگل پلے اسٹیشن سے متعدد شکایات کے بعد آخر کار حذف کردیا گیا۔ موبائیل فون گیم ’’بم غزہ‘‘ میں اسرائیلی فوجی طیاروں کو غزہ پر بمباری کرتے دکھایا گیا تھا۔ اس گیم میں حصہ لینے والے کو یہ ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ’’بمباری شروع کرے اور عام شہریوں کو ہلاک نہ کیا جائے‘‘ گوگل اپلیکیشن اسٹور سے اسے حذف کرنے تک تقریباً ایک ہزار مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا تھا ۔ اس موبائیل گیم پر عالمی سطح پر برہمی ظاہر کی جارہی تھی۔ سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹس پر کئی تنقیدی تبصرے بھی کئے گئے ۔ ایک شخص نے کہا کہ غزہ میں جہاں لڑائی میں بے قصور عوام اور بچے ہلاک کئے جارہے ہیں، وہیں اس لڑائی کی طرز پر موبائیل گیم تیار کی گئی ہے جو انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ ایک اور شخص نے فیس بک پر لکھا کہ یہ بیمار ذہنیت کی علامت ہے اور ایسا موبائیل گیم تیار کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔