عوام کو میڈیکل انشورنس کروانے کا مشورہ: ایم وینکیا نائیڈو

ہندوستان میں 20 فیصد، یو ایس و دیگر ممالک میں 80 فیصد انشورنس، مرکزی وزیر کا خطاب
حیدرآباد 3 جنوری (این ایس ایس) مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے میڈیکل کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مریضوں کو میڈیکل انشورنس بنانے کے لئے شعور بیدار کرکے انھیں انشورنس کی ترغیب دیں۔ انھوں نے کہاکہ کئی افراد سطح غربت کا شکار ہوکر علاج و معالجہ کے لئے ہزارہا روپئے خرچ کررہے ہیں جس کی وجہ سے وہ مزید غربت کا شکار ہورہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے مزید کہاکہ ہندوستان میں صرف 12 تا 13 فیصد عوام ہی میڈیکل انشورنس رکھتے ہیں جبکہ امریکہ اور دیگر ممالک میں 80 فیصد افراد اپنا میڈیکل انشورنس کرواتے ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے مزید کہاکہ ہندوستان میں ہیلت کیر کے اخراجات کافی مہنگے ہیں، ایسے میں یہاں کے عوام کو ہیلت انشورنس کروانے کی فوری ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں حکومتی اور صنعتی سطح پر بھی ہیلت انشورنس کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو آندھراپردیش ریاست کے نیلور میں سورنا بھارت ٹرسٹ کے تحت کینسر میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے بعد مخاطب تھے۔ اس موقع پر انھوں نے ملک میں مرض کینسر میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ ہندوستان میں تقریباً تین ملین افراد مرض کینسر کا شکار ہیں جبکہ مزید ایک ملین نئے کیسیس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر نے مزید کہاکہ ہندوستان میں ہر سال مرض کینسر سے مرنے والوں کی تعداد تقریباً سات لاکھ ہے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ مذکورہ کینسر میڈیکل کیمپ انسداد کینسر اور علاج کیلئے کافی حد تک ممد و معاون ثابت ہوگا۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے اس بات کا اظہار کیاکہ اسٹیج ایک کے تحت 90 فیصد مریضوں کا علاج ممکن ہے۔ تاہم اس کے لئے ریسرچ میں مزید پیشرفت اور میڈیکل فریٹیٹی کے ذریعہ نئے ایجاد کی ضرورت ہے اور اس بات کی مساعی کی جائے کہ کینسر کا علاج کم خرچ پر ہوسکے۔ ڈاکٹر بی بھاسکر راؤ منیجنگ ڈائرکٹر کیمپس اور ڈاکٹر پی رگھورام ڈائرکٹر کیمپس اور دیگر ڈاکٹرس بھی اس کیمپ میں شریک تھے۔