تلنگانہ و آندھراپردیش حکومتوں کو ہائیکورٹ کی ہدایت
حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) ہائیکورٹ نے تلنگانہ اور آندھراپردیش حکومتوں کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ ریاستوں کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے کام کریں۔ چیف جسٹس کے جی سین گپتا اور جسٹس پی وی سنجے کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے وشاکھا سوسائٹی فار پروٹیکشن اینڈ کیر آف انیملس کی دائر کردہ درخواست پر یہ ہدایت دی۔ اِس درخواست میں دونوں ریاستوں میں تمام سائزوں کے پلاسٹک بیاگس کے استعمال، تیاری، فروخت اور گشت پر مکمل امتناع کی خواہش کی گئی تھی۔ بنچ نے اپنے قبل ازیں دی گئی رائے کا اعادہ کیاکہ بلدی حکام کو چاہئے کہ وہ کچرے کی نکاسی کے وقت ہی قابل استعمال ہونے یا نہ ہونے کی جانچ کرلیں۔ یہ کام ابتدائی مرحلہ میں ہی ہوجانا چاہئے۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہاکہ اب وقت آچکا ہے کہ کچرا جمع کرنے اور اُس کی نکاسی کے انتظام کے ساتھ ساتھ پلاسٹک بیاگس کے استعمال سے ہونے والے مضر اثرات کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کی جائے۔ اس کے علاوہ پلاسٹک اشیاء کی نکاسی کے لئے مختلف مقامات پر خصوصی انتظام کیا گیا۔ بنچ نے یہ بات نوٹ کی کہ پلاسٹک کے استعمال پر امتناع ممکن نہیں اور قانونی طور پر بھی ایسا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ پلاسٹک مقررہ حد میں قابل استعمال ہے۔