عوام کو دھوپ سے بچنے کے لیے شعور بیداری پر زور

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی کمشنر محکمہ آفات سماوی آر وی چندراودن کو ہدایت
حیدرآباد۔2مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی سے مسٹر آر۔ وی چندراوادن آئی اے ایس کمشنرمحکمہ آفات سماوی تلنگانہ نے سکریٹریٹ میں ملاقات کیا ۔ اس موقع پر موسم گرما میںبڑھتی درجہ حرارت کے متعلق تبادلہ خیال کیا اورگرمی کی تمازت ‘ لو سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں ۔ اس موقع پر محمد محمود علی نے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں موسم گرما کے دوران گرمی کی لہروں سے متعلق احتیاطی تدابیر کے لیے عوام میں شعور بیداری کرنے کی ہدایت دی اور عوامی مقامات پر پینے کے پانی کا انتظام کرنے کا مشورہ دیا تاکہ گرمی میں سفر کرنے والے افراد کو گرمی کی شدت سے کچھ راحت فراہم ہو سکے۔کمشنرمحکمہ آفات سماوی نے بتایا کہ تمام ضلع کلکٹرس نے گرمی کی شدت پر قابو پانے کیلئے حکومت سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر احتیاطی منصوبہ بندی کی ہے علاوہ ازایں تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ضلع کلکٹر ز کی نگرانی میں تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو ریاست میں گرمی کی لہر سے ہونے والے نقصانات کے متعلق رپورٹ متعلقہ ضلع کلکٹر ز کو پیش کرے گی ۔ نائب وزیر اعلی نے کمشنرمحکمہ آفات سماوی کو اس سلسلے میں مسلسل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔جناب محمد محمود علی نے عوام سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ گرمی سے بچنے کے لئے احتیاط برتیں ۔