عوام کو اعتماد میں لئے بغیر ریاست کی تقسیم : مودی کا الزام

سیما آندھرا میں ترقی کو ترجیح دینے کا اعلان : انتخابی جلسہ سے چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ خطاب

مدن پلی ۔ یکم مئی ( پی ٹی آئی ) تلگو عوام کے فخر کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی نے آج الزام عائد کیا کہ یو پی اے حکومت نے اکثر و بیشتر تلگو عوام کی توہین کی ہے اور اس نے عوام کو اعتماد میں لئے بغیر ریاست کو تقسیم کردیا ہے ۔ مودی نے سیما آندھرا میں تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کے حق میں انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ماں اور بیٹے کی حکومت نے اور دہلی میں کانگریس پارٹی نے تلگو عوام کی جب کبھی موقع آیا تلگو عوام کی توہین کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے سیما آندھرا اور تلنگانہ ریاستیں تشکیل دیدیں تاہم انہوں نے عوام کو اعتماد میں نہیں لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماں بیٹے کی حکومت نے 2 جون کو دونوں ریاستوں کے وجود میں آنے کی تاریخ کا تعین کیا ہے جبکہ یہی تاریخ اٹلی کی یوم تاسیس بھی ہے ۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ ماں بیٹے ( سونیا ۔ راہول ) کی حکومت میں ہندوستان اسکامس کا ملک بن گیا ہے مودی نے کہا کہ اب قوم کو چاہئے کہ وہ اسکیم انڈیا میں بدلے اور فلاحی و ترقیاتی اسکیموں کو عوام کیلئے نافذ کیا جائے ۔ تلگودیشم کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو اور اداکارسے سیاستدان بننے والے پون کلیان بھی مودی کی مہم کا حصہ ہیں۔ مودی نے تروپتی میں کل رات ہی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی ۔ تلگودیشم اتحاد کی مہم شروع کی تھی ۔ سیما آندھرا کے رائے دہندوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش میں چیف منسٹر گجرات نے کہا کہ ان کیلئے اسکام آندھرا یا سورن آندھرا کے درمیان کسی کا انتخاب کرنے کا موقع ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ خود وہ اور چندرا بابو نائیڈو ترقی کی علامت ہیں مودی نے کہا کہ تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد آندھرا پردیش کی ریاست میں ترقی کی نئی لہر پیدا کریگا ۔

یہ واضح کرتے ہوئے کہ بی جے پی نے سارے ملک میں 100 اسمارٹ شہر بنانے کا وعدہ کیا ہے ان میں سیما آندھرا کو بھی اس کا حصہ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار ملنے پر این ڈی اے کی حکومت دریاؤں کو مربوط کرنے کا کام کریگی جس کے نتیجہ میں رائلسیما کی اراضیات کو فائدہ حاصل ہوگا ۔ مدن پلی راجم پیٹ لوک سبھا حلقہ کے تحت ہے جہاں سے سابق مرکزی وزیر ڈی پورندیشوری بی جے پی ٹکٹ پر مقابلہ کر رہی ہیں۔ رائلسیما کیلئے پورندیشوری کے والد این ٹی راما راؤ کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی نے عوام سے انہیں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے المام عائد کیا کہ کانگریس نے ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس کے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے آندھرا پردیش کو تقسیم کیا ہے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ سیما آندھرا میں ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف تلگودیشم ۔ بی جے پی حکومت ہی علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بناسکتی ہے ۔ پون کلیان نے وائی ایس جگن موہن ریڈی سے سوال کیا کہ جب ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے سیما آندھرا پر الزامات عائد کئے تو جگن کیوں خاموش رہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں کانگریس پہلے ہی فوت ہوچکی ہے اور اب وائی ایس آر کانگریس کو بھی صاف کرنا ہے ۔