تلنگانہ میں پہلی حکومت ٹی آر ایس کی ہوگی ، ایٹالہ راجندر کا بیان
حیدرآباد ۔12 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے دعویٰ کیا ہے کہ مجالس مقامی کے چناؤ میں تلنگانہ عوام کا جھکاؤ ٹی آر ایس کی طرف ہے اور نتائج سے اس کا اظہار ہوچکا ہے ۔ نتائج کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر قائد اور سابق فلور لیڈر ای راجندر نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے کوئی خاص مہم نہیں چلائی۔ پارٹی کی ساری توجہ اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات پر مرکوز تھی۔ پارٹی صدر چندر شیکھر راو اور دیگر سینئر قائدین نے مجالس مقامی کیلئے انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا ۔ اس کے باوجود عوام نے ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیابی عطا کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ ان کا اعتماد ٹی آر ایس کے ساتھ ہے۔ راجندر نے کہا کہ کانگریس اور دیگر جماعتوں نے مختلف انداز سے عوام کو لبھانے کی کوشش کی تاکہ پارٹی کے امکانات کو متاثر کیا جائے۔ تاہم عوام نے کسی لالچ میں آئے بغیر ٹی آر ایس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس کو میونسپل صدور نشین کی زائد نشستیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ، لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار مظاہرہ کرے گی۔ راجندر نے اس بات کو دہرایا کہ تلنگانہ میں پہلی حکومت ٹی آر ایس کی ہوگی اور عوام بھی یہی طئے کرچکے ہیں۔ چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ کو سنہری تلنگانہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کانگریس کی جانب سے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو پارٹی سے توڑنے کی کوششوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی یہ سازش کامیاب نہیں ہوگی۔