عوام نے نائیڈو کو سبق سکھادیا : وجئے سائی ریڈی

حیدرآباد۔ 23 مئی (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں اسمبلی و لوک سبھاانتخابات میں تلگو دیشم عبرتناک شکست سے دوچار ہوگئی۔ وائی ایس آر کانگریس جنرل سیکریٹری و رکن پارلیمان وجئے سائی ریڈی نے انتخابی نتائج پر ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ انتخابات میں نوجوان قائد جگن موہن ریڈی پر ریاست کے عوام نے بھروسہ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران چندرا بابو نائیڈو صرف دھوکہ دینے کرپشن اور یوٹرن لینے میں مصروف رہے ۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ ایک نوجوان قائد پر ریاست کے عوام نے غیرمعمولی پیار و محبت اور اعتماد کا اظہار کیا جو ملک کی تاریخ میں نئی مثال ہے۔ اپنے اٹل موقف پر برقرار رہنے ‘ تیقن کو پورا کرنے والے خاندان کے فرد کو ریاست کے عوام نے کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو کی سازشیں، دھوکہ دینے جیسے اقدامات یوٹرنس، ہزاروں کروڑ روپیوں کی تقسیم بھی عوام کو بدل نہیں سکی اور خواتین کو پسلپو کمکما کے نام سے توہین کرنے کی چندرا بابو کی کوشش کو تمام خواتین نے مل کر نمک و مرچ کے ذریعہ بہتر انداز میں سبق سکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو جیسے نچلی سطح تک گر جانے والے قائد دنیا بھر میں کہیں نہیں ملیں گے اور آنجہانی این ٹی راما راؤ کی جانب سے قائم کردہ تلگو دیشم کو چندرا بابو نائیڈو نے دفن کر رکھ دیا اور کانگریس کی مخالفت میں تشکیل دی گئی تلگو دیشم کو کانگریس سے مل کر انتخابات میں حصہ لے کر این ٹی راما راؤ کو تکلیف پہونچائی۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ تلگو دیشم کیلئے یہ آخری انتخابات ثابت ہوں گے۔