عوام نئے سیاسی کلچر کے خواہاں، کرپشن کے خاتمہ اور عوامی بہبود اولین ترجیحات : لوک ستہ

حیدرآباد 10 فروری (پی ٹی آئی) دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی تاریخی کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے لوک ستہ پارٹی سربراہ جئے پرکاش نارائن نے آج کہاکہ یہ فیصلہ ملک میں نئے سیاسی کلچر کو قائم کرنے عوامی توقعات کا مظہر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام نے یہ واضح فیصلہ سنایا ہے کہ وہ ایک ایسا سیاسی کلچر چاہتے ہیں جس میں ترقی، روزگار اور مقامی حکمرانی کو نمایاں اہمیت حاصل رہے۔ تاہم اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ اروند کجریوال زیرقیادت پارٹی اب تک نئی سیاست کی حقیقی نمائندہ بن کر نہیں اُبھری ہے اور اِس پارٹی کو پرانی سیاست کے طریقے جیسے مفت پیشکش، غیر ذمہ دارانہ تیقنات اور اشتعال انگیز تقاریر سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کا ایجنڈہ جیسے کرپشن کا خاتمہ، انتخابات میں دولت اور شراب کا رول، عوامی بہبود اور مقامی حکمرانی صحیح سمت میں جاری ہے۔