چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کے مسیحا‘ میدک میں انتخابی جلسہ سے خطاب
میدک۔29اکٹوبر ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کی عوام کانگریس ‘ تلگودیشم کی مہاکوٹمی اتحاد کو کوٹ کر رکھ دے گی ۔ تلنگانہ تحریک کے موقع پر ہی تلگودیشم کا دم ختم ہوگیا جبکہ کانگریس آکسیجن پر تھی لیکن اب علحدہ ریاست کی تشکیل اور ٹی آر ایس کی حکومت میں کانگریس مکمل اپنا اعتماد کھودی ہے ۔ ریاست کی عوام بالخصوص اقلیتیں 95فیصد ٹی آر ایس کے ساتھ ہے ۔ مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ علاقہ کے ساتھ ناانصافیوں اور اقلیتوں کے ساتھ سوتیلا سلوک کئے جانے پر ہی کے سی آر نے تحریک تلنگانہ چلایا ۔ پیشرو حکومتوں میں مسلمان صرف ووٹ بینک بن کر رہ گئے تھے ۔ اب کے سی آر کی حکومت میں مسلمانوں کے ساتھ مکمل انصاف کیا جارہا ہے ۔ نگران وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کے مسیحا ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 12فیصد تحفظات بحرصورت حاصل کر کے رہیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر میدک کے دفتر ٹی آر ایس ایم ایل اے کیمپ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ وہ ٹاؤن کے کرسٹل گارڈنس میں ٹی آر ایس اقلیتی قائدین کی جانب سے انعقاد کردہ ایک قوالی پروگرام کیلئے نہیں بلکہ پدما دیویندر ریڈی کے انتخابی جلسہ میں شرکت کیلئے میدک آئے تھے ۔ انہوں نے مقامی سطح پر میدک کی ٹی آر ایس امیدوار سابق ڈپٹی اسپیکر ایم پدما دیویندر ریڈی کو بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب کرنے کی رائے دہندوں سے اپیل کی ۔ پدما دیویندر ریڈی ٹی آر ایس سرکار کی دوسری میعاد میں کابینی وزیر بن جائیں گی ۔