’’عوام بی جے پی کی سازشوں سے تھک گئے ‘‘

کشمیر میں انتخابی سیاست شروع کرنے پر بی جے پی پر شیوسینا کی تنقید
ممبئی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں حکومت کی تائید سے دستبرداری اختیار کرنے والی جماعت بی جے پی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا کہ عوام اس پارٹی کی سازشوں میں تھک گئے ہیں اور اسے سچ کہنے میں سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ شیوسینا نے بی جے پی پر شمالی ریاست ’’کشمیر‘‘ میں پھر سے ’انتخابی سیاست ‘شروع کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ سینا نے کہا کہ ’’پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کیساتھ اتحاد کرنے کی بی جے پی کی تجویز تھی اور اس نے کشمیر میں اس کے برسراقتدار آنے کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر کاوشیں کی تھیں‘‘۔ سینا کے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ کے اداریہ میں کہا گیا کہ بی جے پی نے اس کا ماسک اُتار دیا ہے اور ایک مرتبہ پھر کشمیر میں انتخابی سیاست شروع کردی ہے۔ تین سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد بی جے پی کا یہ کہنا کہ حکومت کام نہیں کررہی ہے، لہذا وہ پی ڈی پی کے ساتھ کام نہیں کرسکتی، دہشت گردی میں اضافہ ہوگیا ہے اور لیہہ اور لداخ کی ترقی کو نظرانداز کیا جارہا ہے‘‘۔ ’’سامنا‘‘ میں کہا گیا کہ ایک مرتبہ پھر کشمیر میں ایک ماحول پیدا کیا جارہا ہے اور ایک نیا ماسک لگایا جارہا ہے۔ عوام اب ان سازشوں سے عاجز آگئے ہیں۔ کسی کو اُنہیں ’سچ‘ کہنے کا سبق دینا شروع کرنا چاہئے‘‘۔ مراہٹی روزنامہ ’’سامنا‘’ میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں تمام تشدد کیلئے پی ڈی پی پر الزام لگایا ہے۔ اخبار میں کہا گیا کہ ’’آپ تین سال تک اقتدار کا حصہ بنے رہے اور جب پھل حاصل کرنے کا وقت آیا تو آپ نے ذمہ داری نبھانے سے انکار کردیا۔

ہندوستان کی پہلی ریکارڈنگ سوپر اسٹار
گوہر جان کا گوگل پر ڈوڈل
نئی دہلی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی موسیقی کو نئی اونچائی پر لے جانے والی ہندوستان کی پہلی ریکارڈنگ سپر اسٹار گوہر جان کی 145 ویں یوم پیدائش پر گوگل نے منگل کو ڈوڈل بنا کر انہیں خراج عقیدت پیش کی ۔گوہر جان اپنے گائے گانوں کی ریکارڈنگ کروانے والی ملک کی پہلی گلوکارہ تھیں۔
وہ ملک کی پہلی ریکارڈنگ سپر اسٹار کے نام سے مشہور ہوئیں۔انہوں نے ہندوستانی موسیقی کو نہ صرف نئی بلندیوں پر پہنچایا بلکہ دنیا بھر میں ہندوستان کا نام روشن کر کے ہمیں اپنا سر اونچا کرنے کا موقع بھی دیا۔گوگل وقتا فوقتا ڈوڈل بناکر ہندوستانی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتا رہتا ہے ۔