بی جے پی لیڈر پرکاش جاوڈیکرکا بیان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : بی جے پی ترجمان پرکاش جاوڈیکر نے آج کہا کہ موجودہ انتخابات میں رشوت ستانی ، افراط زر ، ایسے امور ہیں جس سے عوام پریشان ہیں ۔ پانچ حصوں کی رائے دہی میں کانگریس کے خلاف اثر کر گئے ۔ عوام مرکز میں تبدیلی چاہتے ہیں اور ایک مستحکم حکومت چاہتے ہیں ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرکاش جاوڈیکر بی جے پی ترجمان نے کہا کہ 232 لوک سبھا حلقوں کے لیے ہوئی رائے دہی میں سال 2009 کی رائے دہی کے مقابل 10 فیصد رائے دہی کا اضافہ درج ہوا ہے اور یہ دس فیصد ووٹ فیصلہ کن ہوں گے ۔ پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوگا کہ کانگریس کو بہت کم نشستیں حاصل ہوں گی۔ جنوبی ہند سے بھی حیران کن نتائج سامنے آئیں گے ۔ یو پی اے کو گذشتہ کے 129 کے مقابل یہاں سے صرف 85 نشستیں حاصل ہوں گے اور این ڈی اے کو گذشتہ کے 18 نشستوں کے مقابل 58 نشستیں حاصل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا ، تلنگانہ کی ترقی صرف مودی حکومت میں ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر سرپرستی ٹی آر ایس ریاست میں ایک منفی مہم چلا رہی ہے ۔۔