عوام ، جرائم سے پاک و صاف معاشرہ کی تشکیل کے خواہاں

حیدرآباد /26 ستمبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وزیر داخلہ نائنی نرسمہا ریڈی نے آج کہا کہ چندر شیکھر راؤ حکومت حیدرآباد کو آنے والے دنوں میں ایک انتہائی محفوظ اور اعلی ترقی یافتہ اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے سے غیر معمولی دلچسپی رکھتی ہے ۔ وزیر داخلہ نے نیکلس روڈ پر پیپلزپلازا کے قریب پولیس کی عصری گاڑیوں ’ مسلح مداخلت کیلئے روکنے والی گاڑی ‘ کے قافلہ کا پرچم دکھاکر افتتاح کرنے کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ انہیں جرائم سے پاک ایک معاشرہ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے امن و قانون کے نفاذ و عمل آوری کیلئے ایک سخت اور مضبوط پولیس نظام کی ضرورت پر زور دیا ۔ مسٹر نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ’’ تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ہم امن و قانون کو اولین ترجیح دے رہے ہیں شہر حیدرآباد کے برانڈ امیج کو مزید نمایاں بنانے ، جرائم کی شرح میں کمی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں اور بے روزگاروں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جائے تو جرائم کے شرح میں کمی ہوگی ۔ عوام ٹی آر ایس حکومت سے یہ امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں کہ وہ پولیس کے رویہ میں تبدیلی لائے گی ۔

نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ’’ جب تک پولیس عوام کے ساتھ خوش مزاجی سے پیش نہیں آتی اور ناروا رویہ ترک نہیں کیا جاتا پولیس کو عوام کی تائید حاصل نہیں ہوسکتی ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہمیں انصاف کیلئے پولیس اسٹیشن پہونچنے والے عوام سے نمٹتے ہوئے اخلاق و شائستگی برقرار رکھنا چاہئے عوام کسی رشوت کے بغیر فی الفور انصاف چاہتے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ گاڑیاں شہر کے انتہائی اہم اور حساس مقامات پر تعینات کی جائے گی جس میں چار ملازمین پولیس رہیں گے اور انہیں بلیٹ پروف جیکٹس فراہم کئے جائیں گے ۔ یہ گاڑیاں روزانہ 24 گھنٹے تین شفٹوں میں کام کریں گی ۔ جن کا بنیادی مقصد انتہائی سنگین حالات اور جان لیوا صورتحال میں عوامی ضروریات کی تکمیل کرنا اور جرم کو ارتکاب سے روکنا ہے تاکہ شہر میں عوامی زندگی کامیاب بہتر ہوسکے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے حیدرآباد کو جرائم سے پاک شہر میں تبدیل کیا جائے ۔ یہ گاڑیاں کسی بھی ناگہانی کی صورت میں ضرورتمند تک پہونچ سکتی ہے اور ان پر جوائنٹ کمشنر پولیس ہیڈ کوارٹرس حیدرآباد ایم شیوا پرساد کی راست نگرانی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی نظر رکھی جائے گی ۔