عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے سیاسی شعبہ کی ضرورت پر سیاست سے وابستہ ہونے کا اعلان

سابق جوائنٹ ڈائریکٹر سی بی آئی وی وی لکشمی نارائنا کا دورہ کڑپہ ، عوامی مسائل پر بات چیت
٭ سابق جوائنٹ ڈائریکٹر سی بی آئی مسٹر وی وی لکشمی نارائنا نے اعادہ کیا کہ اگر ریاست میں عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کروانے کیلئے سیاسی شعبہ کو ہی ضروری تصور کریں گے تو وہ سیاسی شعبہ سے وابستہ ہونے کیلئے کوئی بھی پس و پیش نہیں کریں گے۔ لکشمی نارائنا نے آج کڑپہ ٹاؤن میں مختلف ضلع سطح کے عہدیداروں، دانشوروں سے ملاقات پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، مسٹر اے بابوجی جوائنٹ کلکٹر مسٹر کوٹیشور راؤ سے ملاقات کرکے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ گزشتہ 6 یوم میں لکشمی نارائنا نے کسانوں، طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ مختلف شہریوں سے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ وہ گزشتہ ایک عرصہ کے دوران ریاست آندھرا پردیش کے ماسوا گنٹور، کرشنا اور ضلع چتور کے دیگر تمام اضلاع کا دورہ مکمل کرچکے ہیں اور ان ماباقی تین اضلاع کا دورہ کے فوری بعد عوامی مسائل پر مبنی ایک رپورٹ حکومت کو پیش کرکے عاجلانہ یکسوئی کی خواہش کریں گے اور اگر مسائل کی یکسوئی ممکن نہ ہونے کی صورت میں 13 اضلاع کے دورہ کرنے کے بعد اپنی سیاسی شعبہ سے وابستگی یعنی کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے ذریعہ نئی ریاست کے ساتھ کافی ناانصافی ہوئی ہے اور ان ناانصافیوں کو دور کرنے کیلئے مرکزی حکومت بھی کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کا تیقن دیا گیا تھا، لیکن مرکزی حکومت نے اس تیقن کو بھی نظرانداز کردیا۔ لکشمی نارائنا نے قانون تقسیم ریاست میں دیئے گئے تیقنات بالخصوص ضلع کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری کا قیام عمل میں لائے، وشاکھاپٹنم میں ریلوے زون قائم کرنے کیلئے عاجلانہ اقدامات کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔