وزیر فروغ انسانی وسائل اے پی جی سرینواس راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ /6 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر فروغ انسانی وسائل مسٹر جی سرینواس راؤ نے واضح طور پر کہا کہ جناسینا قائد مسٹر پون کلیان جس کسی مسئلہ سے حکومت کی توجہ مبذول کروائیں گے ۔ ان مسائل کی یکسوئی کرنے کیلئے حکومت تیار ہے اور بتایا کہ ڈی سی آئی کو خانگیانے کے مسئلہ سے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد واقف کروایا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ ڈی سی آئی جیسے اداروں کا تحفظ کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ سرینواس راؤ نے وشاکھاپٹنم میں منعقدہ انٹرنیشنل فلم فیسٹول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری کی ترقی کیلئے حکومت پابند ہے ۔ فلم ڈائرکٹر و پروڈیوسر تماریڈی بھردواج کے ریمارکس کو وزیر موصوف نے ان کے (تماریڈی بھردواج کے ) ذاتی خیالات سے تعبیر کیا ۔ اسی دوران پون کلیان اور جگن موہن ریڈی کے ریاست میں منظم کئے جانے والے یاتراؤں کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ ایک طرف صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی عوامی تائید حاصل کرنے کیلئے پرجا سنکلپ یاترا شروع کی ہے تو دوسری طرف عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے جناسیناپارٹی قائد ’’چلورے ۔ چلورے ۔ چل‘‘ کے نام سے عوام کے درمیان جانے کا پروگرام شروع کیا ہے اور ریاست کا تین مرحلوں میں اس پروگرام کے عمل کو پورا کرنے کا پون کلیان نے اظہار کیا ہے ۔