عوامی شکایت کی سماعت کے لیے ’ روبوٹ پولیس ‘ کی تجویز

31 دسمبر سے جوبلی ہلز میں خدمات کا آغاز ، کئی صلاحیتوں کا نیا نظام متعارف
حیدرآباد۔6جولائی (سیاست نیوز) شہریان حیدرآباد کی پولیس سے جانبداری یا نظر انداز کرنے کی شکایت بہت جلد دور ہونے جا رہی ہے کیونکہ شہر میں بہت جلد پولیس کی جگہ روبوٹ پولیس عوامی شکایات وصول کرے گا اور شہریوں سے تبادلہ خیال کرے گا۔’روبوٹ پولیس‘ شہر میں بہت جلد حقیقت بننے جا رہی ہے اور31ڈسمبر کو جوبلی ہلز میں پہلا روبوٹ پولیس خدمات انجام دینا شروع کردے گا جو نہ صرف عوامی شکایات کی سماعت کرے گا بلکہ انہیں ریکارڈ کرتے ہوئے حکام تک پہنچائے گا بھی۔ حیدرآباد پولیس میں روشناس کروائے جانے والے ‘RoboCop’میں بم کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت کے علاوہ آدمی کی شناخت کی صلاحیت بھی ہوگی۔ H-Botروبوٹیکس کی جانب سے تیار کئے جانے والے اس روبوٹ کی قیمت 3.5لاکھ روپئے ہے جبکہ اسے تیار کرنے کیلئے مختلف دھاتوں اور فائبر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ روبوٹ پولیس کے اس نمونہ کو ستمبر میں عوام کے درمیان پیش کیا جائے گا اور ستمبر تا دسمبر تجرباتی اساس پر اس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ مسٹر پی ایس وی کشن فاؤنڈر ایچ بوٹ روبوٹیک کے مطابق اس روبوٹ میں شکایت کنندہ کی شناخت کی صلاحیت موجود ہے اور وہ اس صلاحیت کے ذریعہ شکایت کنندہ کو محفوظ کرسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ روبوٹ کو بم ناکارہ بنانے کے لئے بھی استعمال کیا جا سکے گا اور اس روبوٹ کو عوام سے تبادلہ خیال کی تربیت بھی حاصل رہے گی یعنی روبوٹ میں موجود سافٹ وئیر عوام سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کی بھی اہلیت رکھتا ہے ۔ملک میں شہر حیدرآباد دوسرا شہر ہوگا جو روبوٹ پولیس کے استعمال کا آغاز کرے گا۔ مسٹر کشن نے بتایا کہ اس میں مدر بورڈ اور سافٹ وئیر موجود ہوں گے جن کے ذریعہ روبوٹ کی صلاحیتوں میں بہتری لانے کی گنجائش موجود رہے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ روبوٹ تیار کرنے والی اس کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی قیمت 3تا 3.5لاکھ روپئے ہوگی ۔ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس کو عصری سہولتوں سے آراستہ کئے جانے کے اقدامات میں یہ ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔محکمہ پولیس نے راست شہریوں سے الکٹرانک رابطہ اور ان کی شکایات کی وصولی کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لینے کے علاوہ شہر کے مختلف علاقو ںمیں سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ جرائم پر کنٹرول کرنے کے عملی اقدامات کے ذریعہ محکمہ پولیس کو عصری بنایا ہے لیکن اب روبوٹ پولیس کے ذریعہ ریاست تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری پیدا ہونے کے علاوہ شہر میں جرائم اور لا قانونیت کے واقعات میں کمی کے امکان ہیں کیونکہ روبوٹ کے ذریعہ تیز رفتار گاڑیوں کو کنٹرول کرنے کے علاوہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی ممکن ہوگی۔