نئی دہلی ۔ /26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عوامی شعبہ کی بینکوں کا کام منگل کو متاثر ہوسکتا ہے کیونکہ بینک یونینوں کے متحدہ فیڈریشن ( یو ایف بی یو) کی قیادت میں کئی یونینوں نے بینکنگ شعبہ میں قرضوں کی عدم واپسی میں مسلسل اضافہ پر سرکردہ ایکزیکٹیو کے احتساب کے بشمول مختلف مطالبات کی یکسوئی کیلئے دباؤ ڈالنے کے مقصد سے /28 فبروری کو ایک روزہ ہڑتال کی دھمکی دی ہے ۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، پنجاب نیشنل بینک اور بینک آف بڑودہ کے بشمول کئی سرکردہ بینکوں نے اپنے صارفین کو پہلے ہی مطلع کردیا ہے کہ ہڑتال کی صورت میں ان کے دفاتر اور شاخوں کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے ۔ تاہم آئی سی آئی سی آئی بینک ، ایچ ڈی ایف سی بینک ، ایکسیس بینک اور کوٹک مہیندرا جیسی سرکردہ خانگی بینکوں میں چیکوں کی منظوری کے سواء دیگر کام معمول کے مطابق جاری رہنے کی توقع ہے ۔