حیدرآباد 5 اگسٹ (این ایس ایس) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور سٹی پولیس، حیدرآباد اور سائبرآباد کو شہریوں کے لئے محفوظ مقام بنانے کے لئے مختلف اقدامات کررہے ہیں۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ نے ہائی ٹیک سٹی کے شلپا کلا ویدیکا میں آج عوامی سلامتی قانون پر تجارتی ادارہ جات کے لئے ایک شعور بیداری پروگرام کا اہتمام کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سائبرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہاکہ حیدرآباد کو سرمایہ کاری کے لئے ایک پسندیدہ مقام بنانے کے مقصد سے عوامی حفاظت و سلامتی پر چند سخت فیصلے کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ جات کو بھی اِس ضمن میں پولیس سے تعاون کرنا چاہئے تاکہ حیدرآباد کو سماجی اور معاشی طور پر ترقی یافتہ شہر بنایا جاسکے۔ جی ایچ ایم سی کے اسپیشل کمشنر پردی یمنا کہاکہ عوامی سلامتی قانون کی پابندی نہ کرنے والے ادارہ جات کے لائسنس منسوخ کردیئے جائیں گے۔ اُن کا مقصد کو لندن، ٹوکیو اور میکسیکو جیسے عالمی شہریوں کے مطابق بنانا ہے۔